حکومت شفاف نجکاری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے، مشیر وزیراعظم برائے نجکاری
- نجکاری کے 17 بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے، محمد علی
وزیرِ اعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے کہا ہے کہ نجکاری کا بنیادی مقصد سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا، مالی نقصانات میں کمی لانا، قومی وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا اور قومی خزانے پر مالی بوجھ کم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایک شفاف، میرٹ پر مبنی اور قومی مفاد میں نجکاری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے جبکہ اس دوران اداروں کی پیداواری صلاحیت، ملازمین کے جائز حقوق اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نجکاری کے 17 بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں بجلی کی تقسیم کار نو کمپنیاں، تین بڑے ہوائی اڈے، مالیاتی ادارے اور انشورنس کا شعبہ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری سے ثابت ہوا ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں کے تعاون سے اہم معاشی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی نے بتایا کہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی نجکاری کے لیے ڈیو ڈیلیجنس کا عمل جاری ہے جبکہ ان کی بولی کا عمل 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کی نجکاری پر بھی بعد کے مراحل میں کام کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت اسی مدت کے دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے آپریشنز آؤٹ سورس کرنے کیلئے درخواستِ تجاویز جاری کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔
وزیرِ اعظم کے مشیر محمد علی نے مزید انکشاف کیا کہ حیدرآباد–سکھر ایم 6 موٹروے کے دو حصوں، یعنی حیدرآباد–ٹنڈو آدم اور ٹنڈو آدم–نواب شاہ میں مجموعی طور پر تقریباً 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
ان منصوبوں کو 25 سالہ رعایتی معاہدے (کنسیشن ماڈل) کے تحت تشکیل دیا جارہا ہے جبکہ پہلے حصے کے لیے 156 ملین ڈالر کی وائبلٹی گیپ فنڈنگ بھی تجویز کی گئی ہے۔
محمد علی نے کہا کہ سرمایہ کار خطرات کا جائزہ لینے اور اسی کے مطابق سرمایہ کاری کے فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
تاہم ان کے مطابق کاروباری ماحول سے متعلق غیر یقینی صورتحال سرمایہ کاری کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں حصہ لینے والے بولی دہندگان کو مستقبل کے سرمایہ کاری منصوبوں اور کثیر سالہ ٹیرف کے انتظامات کے بارے میں پیشگی واضح اور جامع معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صنعتوں اور کاروبار کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے کے لیے توانائی اور ٹیکس شعبوں میں بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
نجکاری، مارکیٹ کو آزاد بنانا، مؤثر ضابطہ کاری اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری ایسے باہم مربوط اقدامات ہیں جو صارفین کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے کی کارکردگی بہتر بنا سکتے ہیں۔
اسی طرح انہوں نے کہا کہ منصفانہ اور مستحکم ٹیکس نظام کاروباری اداروں کو طویل مدتی منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری کے لیے درکار اعتماد فراہم کر سکتا ہے۔
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کا مقصد محض ان کی ملکیت نجی شعبے کو منتقل کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کا محور اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا، مالی نقصانات کم کرنا، قومی اثاثوں کی حقیقی قدر برقرار رکھنا اور معیشت کو مضبوط بنانا ہونا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ نجکاری کا پورا عمل شفافیت، میرٹ اور قومی مفاد کے اصولوں کے مطابق مکمل کیا جانا چاہیے، جبکہ ملازمین کے جائز حقوق اور عوامی مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔
کاٹی کے صدر نے سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔


Comments