کراچی پورٹ تا پپری مال بردار راہداری فعال، پہلی ٹرین روانہ
- جنوری 2025 میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے ڈی پی ورلڈ (متحدہ عرب امارات)، پاکستان ریلوے اور نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کے درمیان مخصوص مال بردار راہداری کی تعمیر کے لیے معاہدے میں سہولت کاری کی
پاکستان نے کراچی پورٹ تا پپری مخصوص مال بردار راہداری کو فعال کردیا ہے جس پر پہلی مال بردار ٹرین بھی چل پڑی ہے۔ اس اقدام کا مقصد کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنا، لاجسٹکس اخراجات میں کمی لانا اور ملک کی مصروف ترین بندرگاہ سے سامان کی ترسیل کو بہتر بنانا ہے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل nے ہفتے کو ایک بیان میں کہا کہ کراچی پورٹ تا پپری مخصوص مال بردار راہداری پر پہلی مال بردار ٹرین کی کامیاب روانگی پاکستان میں ریلوے کے ذریعے مال برداری کے نظام اور بندرگاہوں سے متعلق لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
جنوری 2025 میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے ڈی پی ورلڈ (متحدہ عرب امارات)، پاکستان ریلوے اور نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کے درمیان مخصوص مال بردار راہداری کی تعمیر کے لیے معاہدے میں سہولت کاری کی تھی۔
بیان کے مطابق اس راہداری کو فعال کرنے سے مال برداری کے لیے ریلوے پر مبنی متبادل ذرائع نقل و حمل کی سہولت فراہم ہوگی جس سے شہری سڑکوں کے ذریعے کنٹینرز کی ترسیل سے وابستہ لاجسٹک رکاوٹوں کو دور کرنے اور کراچی بندرگاہ پر سامان کی ہینڈلنگ کی استعداد بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ایس آئی ایف سی کے مطابق اس منصوبے سے کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہونے، نقل و حمل اور لاجسٹکس کے اخراجات گھٹنے، سامان کی ترسیل کا وقت مختصر ہونے اور مجموعی طور پر مال برداری کے عمل کو زیادہ مؤثر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ منصوبہ سمندری اور ریلوے نظام کے درمیان مضبوط رابطہ بھی قائم کرے گا جس سے کراچی بندرگاہ اور ملک کے اندرونی علاقوں کے درمیان سامان کی نقل و حمل زیادہ سہل ہو جائے گی۔


Comments