پیوٹن جی 20 اجلاس میں شرکت کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں، ٹرمپ
- کریملن نے کہا ہے کہ سربراہی اجلاس میں پیوٹن کی شرکت کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن آئندہ ماہ فلوریڈا میں ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں، تاہم اگر فیصلہ ان کے اختیار میں ہو اور پیوٹن آنا چاہیں تو وہ اجلاس میں شرکت کرسکتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ آنا چاہیں تو یقیناً آسکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ کچھ لوگ 14 اور 15 دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں پیوٹن کی موجودگی پسند نہیں کریں گے اور انہیں شک ہے کہ خود روسی صدر بھی شرکت کرنا چاہیں گے۔
فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں واقع اپنے کلب مار اے لاگو میں تھینکس گیونگ کی تعطیلات گزارنے کے دوران ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا کہ اگر فیصلہ ان کے ہاتھ میں ہوتا تو وہ پیوٹن کو اجلاس میں دیکھنا پسند کرتے۔
دوسری جانب کریملن نے جمعرات کو کہا کہ سربراہی اجلاس میں پیوٹن کی شرکت کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
پیوٹن نے گزشتہ ہفتے ٹرمپ سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ وہ امریکی صدر سے اس معاملے پر بات چیت کے بعد اجلاس میں شرکت پر غور کریں گے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کا سفر کرنے کا فیصلہ کرتے وقت انہیں روس کی موجودہ صورتحال کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔
اس سے قبل جمعرات کو ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں روس یورپ کے مختلف علاقوں کے خلاف اپنی فوجی جارحیت میں کمی کرے، تاکہ یوکرین میں جاری جنگ کا جلد تصفیہ ممکن ہوسکے۔


Comments