صنعتی خام مال، درآمدی پیٹرولیم مصنوعات اور منرل پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم
- ایف بی آر نے جمعرات کو ایس آر او 2286(I)/2026 کے ذریعے فیڈرل ایکسائز رولز 2005 میں ترمیم کرتے ہوئے نیا باب IV-A شامل کرلیا
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے صنعتی خام مال کے طور پر استعمال ہونے والی پیٹرولیم ٹاپ نیفتھا، وائٹ اسپرٹ اور منرل ٹرپینٹائن آئل کی درآمد اور مقامی سپلائی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اس سہولت کے لیے مخصوص شرائط اور کوٹہ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔
ایف بی آر نے جمعرات کو ایس آر او 2286(I)/2026 کے ذریعے فیڈرل ایکسائز رولز 2005 میں ترمیم کرتے ہوئے نیا باب IV-A شامل کیا، جس میں کوٹے کی منظوری، ڈیوٹی اور ان پٹ ٹیکس کی ایڈجسٹمنٹ، استعمال کی نگرانی اور خلاف ورزی کی صورت میں ڈیوٹی کی وصولی کا طریقہ کار مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر نے یکم جولائی 2026 سے پیٹرولیم ٹاپ نیفتھا، وائٹ اسپرٹ یا منرل ٹرپینٹائن آئل اور سالوینٹ آئل سمیت تین پیٹرولیم مصنوعات پر 80 روپے فی لیٹر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی تھی۔
نئے قواعد کے تحت صنعتی مینوفیکچررز کو ان مصنوعات کے اندرونِ کارخانہ استعمال کے لیے ایف بی آر سے سالانہ کوٹہ حاصل کرنا ہوگا۔ کوٹے کی بنیاد پر ڈیوٹی فری درآمد یا مقامی خریداری کی اجازت ہوگی، جبکہ مقررہ مقدار سے زائد مصنوعات پر ادا شدہ یا قابلِ ادائیگی ڈیوٹی سیلز ٹیکس موڈ میں ایڈجسٹ کی جاسکے گی۔
کوٹے کے حصول کے لیے مینوفیکچررز کو متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کے پاس درخواست جمع کرانا ہوگی۔ درخواست میں پیداواری صلاحیت، تیار کردہ مصنوعات، گزشتہ دو مالی سال کے دوران خام مال کے استعمال، سپلائرز اور ان پٹ آؤٹ پٹ تناسب کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔
کمشنر درخواست کی وصولی کے ایک ماہ کے اندر فیصلہ کرے گا۔ قواعد کے مطابق کوٹے کی مقدار پیداواری بنیاد اور متعلقہ ان پٹ آؤٹ پٹ تناسب کے مطابق مقرر ہوگی، جس میں ضائع ہونے والی مقدار کا الاؤنس بھی شامل ہوگا۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ڈیوٹی فری مصنوعات چھ ماہ کے اندر استعمال کرنا ضروری ہوگا۔ مقررہ مدت میں استعمال نہ ہونے والے اسٹاک پر ڈیوٹی وصول کی جاسکتی ہے۔
مینوفیکچررز کو سہ ماہی اسٹاک اور استعمال کی تفصیلات جمع کرانا ہوں گی، جبکہ کوٹے کے غلط استعمال، معلومات چھپانے یا مقررہ شرائط کی خلاف ورزی پر کوٹہ معطل یا واپس لیا جاسکے گا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments