حکومت کا اکتوبر تا دسمبر بجلی ٹیرف میں اضافہ 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کا فیصلہ
- ایران امریکا جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن، خصوصاً آر ایل این جی اور کوئلے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ، ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) پر دباؤ بڑھ گیا
حکومت نے ایران امریکا جنگ کے بعد عالمی منڈی میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے صارفین کو محفوظ رکھنے کے لیے اکتوبر سے دسمبر تک ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) میں اضافے کو تقریباً 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھنے کی تجویز پیش کردی ہے۔ پاور ڈویژن نے جمعرات کو بتایا کہ اس اقدام کا مقصد بجلی صارفین کو اضافی مالی بوجھ سے بچانا ہے۔
پاور ڈویژن کے بیان کے مطابق ایران امریکا جنگ کے باعث عالمی منڈی میں ایندھن، خصوصاً ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) اور کوئلے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، جس سے ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) میں اضافے کا دباؤ بڑھ گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاور ڈویژن نے بدلتی ہوئی صورت حال کی مسلسل نگرانی کی اور دستیاب ایندھن کے بہتر استعمال کے ساتھ بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کی منصوبہ بندی کی، جس کا اعلان بھی عوامی سطح پر کیا گیا، تاکہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات کو محدود رکھا جاسکے۔
اس کے نتیجے میں اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران صارفین کو فی یونٹ 6 سے 7 روپے کے ممکنہ اضافی ایف سی اے اضافے سے محفوظ رکھا گیا۔ اس عرصے میں ایف سی اے اور سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ (کیو ٹی اے) کا مجموعی اضافہ ٹیکس سمیت اوسطاً 2.38 روپے فی یونٹ تک محدود رہا۔
بیان کے مطابق موسم سرما کے آغاز سے یہ چیلنجز مزید بڑھ جاتے ہیں، کیونکہ اس موسم میں پن بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث تھرمل ذرائع سے بجلی کی پیداوار پر انحصار بڑھ جاتا ہے۔ بعض سردیوں کے مہینوں میں بجلی کی مجموعی پیداوار میں تھرمل ایندھن کا حصہ 80 فیصد سے بھی زیادہ ہوجاتا ہے۔
اس موسمی تبدیلی کے نتیجے میں روایتی طور پر ایندھن کی لاگت بڑھ جاتی ہے۔ موجودہ حالات میں ایران امریکا جنگ کے بعد عالمی منڈی میں ایندھن کی بلند قیمتوں نے ماہانہ ایف سی اے میں بڑے اضافے کا خدشہ مزید بڑھا دیا ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق اس صورت حال کے پیش نظر مستقبل کے تخمینوں پر مبنی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف ایف سی اے) کا طریقہ کار تجویز کیا گیا ہے، جس کے تحت اکتوبر سے دسمبر 2026 تک ستمبر 2026 کی ایف سی اے کے مقابلے میں اضافے کو ٹیکس سمیت تقریباً 83 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ضروری منظوریوں کے بعد پاور ڈویژن اس طریقہ کار پر عمل درآمد کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو پالیسی ہدایات جاری کرے گا۔
پاور ڈویژن کے مطابق یہ اقدام بجلی کے نرخوں میں استحکام برقرار رکھنے اور عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے اثرات سے صارفین کو کم سے کم متاثر کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار ہے۔


Comments