چین، جاپان، جنوبی کوریا اور آسیان کا سرحد پار ڈیجیٹل ادائیگیوں پر مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق
- اس اقدام کا مقصد ایسے ادائیگیوں کے نظام کو سرحد پار بھی مؤثر انداز میں فعال بنانا ہے جو بنیادی طور پر مقامی مارکیٹوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں
چین، جاپان، جنوبی کوریا اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک نے جمعرات کو سرحد پار ادائیگیوں کے نظام کو بہتر انداز میں منسلک کرنے اور ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق ضابطہ جاتی اقدامات میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے طریقے تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد ایسے ادائیگیوں کے نظام کو سرحد پار بھی مؤثر انداز میں فعال بنانا ہے جو بنیادی طور پر مقامی مارکیٹوں کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔ ڈیجیٹل لین دین میں آسانی اور تیزی کے باعث ان کی مقبولیت میں اضافے کے پیش نظر مختلف ممالک کے درمیان پالیسی اور ضابطہ جاتی تعاون کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔
آسیان پلس تھری گروپ کے نائب وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے معاونین نے جاپان کے قدیم شہر کیوٹو میں ہونے والے اجلاس کے دوران ان معاملات پر کام کرنے کے لیے ایک خصوصی ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں حکام نے ہنگامی قرضوں کی فراہمی کے ایک نئے طریقہ کار کی بھی نشاندہی کی، جس کا اطلاق رواں ماہ شروع ہوا ہے۔ اس کا مقصد قدرتی آفات اور وبائی امراض جیسے اچانک بحرانوں سے نمٹنے کے لیے فنڈز تک فوری رسائی ممکن بنانا ہے۔
یہ طریقہ کار خطے کے 240 ارب ڈالر کے کرنسی تبادلہ حفاظتی نظام، جسے چیانگ مائی انیشی ایٹو کہا جاتا ہے، کے نظرثانی شدہ معاہدے کا حصہ ہے۔
کیوٹو اجلاس کی تفصیلات مئی 2027 میں جاپان کے شہر ناگویا میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کو پیش کی جائیں گی۔
آسیان پلس تھری میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم کے 11 ممالک کے علاوہ چین، جاپان اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔


Comments