مالدیپ کا پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان، تعاون بڑھانے پر اتفاق
- پہلی براہِ راست پرواز میں پاکستانی کرکٹرز، فنکار اور دیگر معروف شخصیات مالدیپ جائیں گی
پاکستان اور مالدیپ نے سیاحت، کھیل، صحت، تجارت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ مالدیپ نے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ پیش رفت اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور مالدیپ کے وزیر سیاحت و شہری ہوا بازی محمد امین کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں سیاحت کے حوالے سے ایک اہم مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرے گی، جس سے پاکستانی شہریوں کے لیے سفر آسان ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور براہِ راست پروازوں سے مالدیپ آنے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکار اور دیگر مشہور شخصیات پہلی براہِ راست پرواز کے ذریعے مالدیپ جائیں گی۔
مالدیپ کے وزیر سیاحت محمد امین نے کہا کہ پاکستانی فنکار اور معروف شخصیات مالدیپ میں بے حد مقبول ہیں اور ان کے دورے سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔
محسن نقوی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے پر کام کر رہا ہے، جبکہ نوجوانوں کو بہتر تربیتی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کرنے کی تجویز ہے۔
محمد امین نے کہا کہ مالدیپ کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان سے کارکنوں کو خوش آمدید کہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیا کی درآمد کے وسیع مواقع موجود ہیں۔


Comments