پاکستان نے پہلی بار ٹونا مچھلی کا کوٹہ حاصل کر لیا، مالدیپ کو سرمایہ کاری کی دعوت
- دونوں ممالک تجارت، بحری رابطوں اور بلیو اکانومی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں
وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے مالدیپ کو پاکستان کی ابھرتی ہوئی ٹونا مچھلی کی پراسیسنگ اور ڈبہ بندی کی صنعت میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے یہ پیشکش مالدیپ کے وزیر سیاحت و شہری ہوا بازی محمد امین کی سربراہی میں آنے والے آٹھ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کی۔ دونوں ممالک تجارت، بحری رابطوں اور بلیو اکانومی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
سرکاری بیان کے مطابق وفد میں سیاحت و شہری ہوا بازی کے نائب وزیر محمد عوض، پاکستان میں مالدیپ کے ہائی کمشنر محمد تھوہا اور ہوا بازی کے شعبے کے سینئر حکام بھی شامل تھے۔
جنید انور چوہدری نے وفد کو بتایا کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ انڈین اوشین ٹونا کمیشن سے ٹونا مچھلی کا 25 ہزار میٹرک ٹن کوٹہ حاصل کیا ہے جس میں 15 ہزار ٹن ییلو فن ٹونا اور 10 ہزار ٹن اسکیپ جیک ٹونا شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کوٹے سے تقریباً 20 کروڑ ڈالر کی برآمدی آمدنی حاصل ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت پاکستان کی ٹونا صنعت کے لیے نمایاں امکانات فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار ماہی گیری کے طریقوں، پالیسی اصلاحات اور بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے سمندری وسائل کا تحفظ کرتے ہوئے برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کا حصول اور زرمبادلہ کمانے کے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ سیاحت، بالخصوص میڈیکل ٹورازم، غذائی تحفظ، طبی آلات اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں بھی تعاون کے امکانات تلاش کرسکتے ہیں۔
دونوں فریقوں نے دوطرفہ تجارت کے فروغ، نقل و حمل کے روابط بہتر بنانے، بحری رابطوں کو مضبوط کرنے اور بلیو اکانومی میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
جنید انور چوہدری نے بتایا کہ دونوں ممالک کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ ورکنگ گروپ پہلے ہی قائم کیا جاچکا ہے جس کا مقصد تجارتی مواقع کی نشاندہی کرنا اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو سہل بنانے کے لیے سفارشات مرتب کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ورکنگ گروپ دسمبر میں پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد کے دورۂ مالدیپ سے قبل تجاویز پر کام کررہا ہے۔ دورے کا مقصد اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانا اور باہمی مفاد کے شعبوں کی نشاندہی کرنا ہے۔


Comments