حکومت کا جھینگوں کی فارمنگ کے فروغ کے لیے ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کا فیصلہ
- ذیلی کمیٹی جھینگوں کی فارمنگ کی پوری ویلیو چین کو درپیش مسائل سے نمٹنے اور اس شعبے میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی تیار کر رہی ہے
پاکستان نے جھینگوں کی فارمنگ (تجارتی بنیادوں پر افزائش) کو فروغ دینے، اس کی ویلیو چین کو مضبوط بنانے اور پیداوار و برآمدات میں اضافے کے لیے سات ورکنگ گروپس کی سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
یہ بات وفاقی وزیرِ بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے منگل کو وزیراعظم کی قائم کردہ ذیلی کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ یہ کمیٹی آبی جھینگوں کی فارمنگ کی ویلیو چین کو ترقی دینے کے لیے تشکیل دی گئی جس کا مقصد وفاقی و صوبائی حکومتوں، صنعتی شعبے اور دیگر متعلقہ فریقین کی مشترکہ اور مربوط کوششوں کے ذریعے اس شعبے کو فروغ دینا ہے۔
ذیلی کمیٹی جھینگوں کی فارمنگ کی ویلیو چین کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور اس شعبے میں دستیاب مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی پر کام کررہی ہے۔ کمیٹی کے اب تک دو اجلاس ہو چکے ہیں جن میں 14 ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی گئی۔ بعد ازاں ان شعبوں کے لیے سات ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے جنہیں قابلِ عمل سفارشات مرتب کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ساتوں ورکنگ گروپس اپنے اجلاس مکمل کرچکے ہیں جن میں صوبائی حکومتوں، صنعتی شعبے کے نمائندوں اور متعلقہ وفاقی اداروں نے شرکت کی۔ ان گروپس کی سفارشات کو یکجا کرکے ایک رپورٹ مرتب کی جارہی ہے جس میں اس شعبے کی موجودہ صورتحال، استعداد، درپیش چیلنجز اور دستیاب مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔
رپورٹ میں مجوزہ اقدامات پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں اور نجی شعبے سے وابستہ فریقین کی ذمہ داریاں بھی متعین کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں مختصر، درمیانی اور طویل مدت کے لیے اہداف کے حصول کی مدت، درکار وسائل، سرمایہ کاری کی ضروریات اور مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا نظام بھی وضع کیا جائے گا۔
جنید انور چوہدری نے کہا کہ رابطہ کاری، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے اور جھینگوں کی فارمنگ کے لیے ایک قابلِ عمل اور مقررہ مدت پر مشتمل حکمتِ عملی تیار کرنے میں مدد کے لیے تمام سفارشات کو ایک یکساں فارمیٹ میں مرتب کیا جارہا ہے۔
مرتب شدہ رپورٹ جائزے اور رہنمائی کے لیے وزیرِ بحری امور کو پیش کی جائے گی۔ وہ ان تجاویز کا جائزہ لے کر ترجیحات کا تعین کریں گے۔ ان کی منظوری کے بعد سفارشات غور و خوض اور مزید ہدایات کے لیے وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔


Comments