BR100 Increased By (0.92%)
BR30 Increased By (0.99%)
KSE100 Increased By (0.6%)
KSE30 Increased By (0.64%)
BAFL 60.01 Increased By ▲ 0.23 (0.38%)
BIPL 24.53 Increased By ▲ 0.13 (0.53%)
BOP 31.37 Increased By ▲ 0.21 (0.67%)
CNERGY 11.63 Increased By ▲ 0.05 (0.43%)
DFML 16.61 Increased By ▲ 0.22 (1.34%)
DGKC 205.44 Increased By ▲ 1.93 (0.95%)
FABL 93.79 Increased By ▲ 0.26 (0.28%)
FCCL 61.00 Increased By ▲ 0.79 (1.31%)
FFL 14.91 Increased By ▲ 0.29 (1.98%)
GGL 21.03 Increased By ▲ 1.02 (5.1%)
HBL 306.00 Increased By ▲ 2.93 (0.97%)
HUBC 212.30 Decreased By ▼ -0.43 (-0.2%)
HUMNL 8.18 No Change ▼ 0.00 (0%)
KEL 6.09 Increased By ▲ 0.01 (0.16%)
LOTCHEM 25.87 Increased By ▲ 0.37 (1.45%)
MLCF 107.79 Increased By ▲ 1.03 (0.96%)
OGDC 312.13 Increased By ▲ 1.48 (0.48%)
PAEL 34.60 Increased By ▲ 0.42 (1.23%)
PIBTL 13.53 Increased By ▲ 0.01 (0.07%)
PIOC 283.05 Increased By ▲ 3.75 (1.34%)
PPL 225.24 Increased By ▲ 2.94 (1.32%)
PRL 80.30 Increased By ▲ 0.81 (1.02%)
SNGP 91.39 Increased By ▲ 0.39 (0.43%)
SSGC 23.62 Decreased By ▼ -0.03 (-0.13%)
TELE 7.62 Decreased By ▼ -0.04 (-0.52%)
TPLP 13.62 Increased By ▲ 0.79 (6.16%)
TRG 54.06 Increased By ▲ 0.02 (0.04%)
UNITY 8.39 Increased By ▲ 0.03 (0.36%)
WTL 1.20 Decreased By ▼ -0.04 (-3.23%)
بی آر ریسرچ

بڑی صنعتوں کی شرح نمو میں سست روی برقرار

  • برآمدی حجم غیر معمولی طور پر مضبوط رہا ہے اور مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیاد پر 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا
شائع اپ ڈیٹ

بڑی صنعتوں (ایل ایس ایم) کی شرح نمو بدستور معمولی ہے۔ مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی شرح نمو 2.07 فیصد رہی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں کم ہے۔ اس سے قبل بھی مسلسل دو سہ ماہیوں میں نسبتاً سست شرح نمو ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ مالی سال 2026 کی تیسری سہ ماہی تک اس سے پہلے کی چار سہ ماہیوں میں زیادہ مضبوط توسیع دیکھی گئی تھی۔ صنعتی بحالی کا عمل رکا نہیں ہے، لیکن پہلے نظر آنے والی رفتار واضح طور پر سست پڑ گئی ہے۔

اس سے بھی زیادہ قابلِ غور بات یہ ہے کہ حالیہ شرح نمو کا انحصار اب ایک ہی شعبے پر بہت زیادہ ہوگیا ہے۔ ملبوسات کا شعبہ، جس کی کارکردگی کا اندازہ تیار ملبوسات کی برآمدی مقدار سے لگایا جاتا ہے، ایل ایس ایم کی شرح نمو میں ہونے والے مثبت اضافے میں نصف سے زیادہ حصہ ڈال رہا ہے۔

برآمدی حجم غیر معمولی طور پر مضبوط رہا ہے اور مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیاد پر 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اکتوبر میں بھی اس رجحان میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔ مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ میں تیار ملبوسات کی برآمدی مقدار 17.6 فیصد بڑھ گئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے مہینوں میں بھی ملبوسات کا شعبہ ایل ایس ایم کی شرح نمو میں سب سے بڑا حصہ دار رہے گا۔

گاڑیوں کا شعبہ مثبت شرح نمو میں دوسرا بڑا حصہ دار ہے، تاہم اس شعبے کی متاثر کن شرح نمو کو 2023 سے 2025 کے دوران طلب میں شدید کمی کے نتیجے میں پیداوار کی انتہائی کم بنیاد کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ بحالی بامعنی رہی ہے، لیکن کم بنیاد کا اثر بتدریج کم ہورہا ہے۔ اس لیے مالی سال آگے بڑھنے کے ساتھ شرح نمو میں کمی کا امکان ہے۔ ایسی صورت میں سالانہ بنیاد پر بلند شرح نمو کے اعداد و شمار کے بجائے پیداوار کی مسلسل مستحکم سطح زیادہ اہم پیمانہ ہوگی۔

پیٹرولیم مصنوعات مثبت شرح نمو میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ جاری مشرقِ وسطیٰ تنازع کے دوران ریفائننگ مارجنز نسبتاً پرکشش ہونے کے باعث ریفائنریوں کے استعمال کی شرح میں اضافہ ہوا، جس نے ملکی پیداوار کو بڑھایا۔ ستمبر میں موٹر گیسولین (پیٹرول) کی پیداوار اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح کے قریب رہی۔ ریفائنریوں کی خام تیل پراسیسنگ میں اضافے نے ایل ایس ایم انڈیکس کو اہم سہارا دیا ہے، تاہم اس بہتری کا تسلسل کسی حد تک ریفائننگ کے معاشی منافع سے جڑا ہوا ہے۔

دوسری جانب دیگر شعبوں کی کمزور کارکردگی زیادہ تشویش ناک ہے۔ مختلف شعبوں میں شرح نمو کے پھیلاؤ کا اشاریہ ظاہر کرتا ہے کہ 10 شعبے منفی زون میں ہیں، جو اگست 2025 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ستمبر میں غذائی شعبہ سب سے بڑا منفی اثر ڈالنے والا شعبہ رہا، جہاں گھی اور خوردنی تیل کی پیداوار میں نمایاں کمی ہوئی۔ گھی کی پیداوار تقریباً ایک دہائی کی کم ترین سطح پر آگئی، جبکہ کوکنگ آئل کی پیداوار چار سال کی کم ترین سطح پر رہی۔ مینوفیکچرنگ کے مجموعی شعبوں میں نمایاں وزن رکھنے والے شعبے کے لیے یہ ایک بڑا دھچکا ہے۔

آنے والے چند ماہ میں غذائی مصنوعات کی مینوفیکچرنگ کی صورتِ حال بدل سکتی ہے۔ مالی سال 2026 کے دوسرے نصف میں چینی کی پیداوار نے اس شعبے کو بڑا سہارا دیا تھا اور نئے کرشنگ سیزن میں بھی شعبے کی کارکردگی کا انحصار بڑی حد تک چینی کی پیداوار پر ہوگا۔ ابتدائی اشارے بتاتے ہیں کہ اس سال گنے کی فصل گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہوسکتی ہے۔ اگر اس کے نتیجے میں چینی کی پیداوار بڑھتی ہے تو نومبر سے غذائی شعبہ دوبارہ مثبت شرح نمو والے شعبوں میں شامل ہوسکتا ہے۔

کیمیکلز اور ادویہ سازی کے شعبے بدستور دباؤ کا شکار ہیں، جہاں رسد میں رکاوٹیں اور خام مال کی بڑھتی ہوئی لاگت پیداوار کو محدود کر رہی ہیں۔ اضافی کھپت کے پیکیج کی مدد سے صنعتی توانائی کی لاگت میں کمی نے کچھ ریلیف ضرور فراہم کیا ہے، لیکن کئی معاملات میں خام مال کی مہنگی قیمتوں اور خریداری میں مشکلات نے اس فائدے کو زائل کردیا ہے۔ جب بنیادی خام مال مہنگا ہو یا دستیاب ہی نہ ہو اور طلب بھی کمزور ہو تو سستی بجلی کارخانوں کی پیداوار بڑھانے میں زیادہ مدد نہیں کرسکتی۔

یہ صورتِ حال ایک بار پھر ہمیں طلب کے مسئلے کی طرف لے جاتی ہے۔ پاکستان میں معاشی استحکام کا عمل اب زیرِ بحث نہیں رہا، لیکن اس بہتری کے اثرات ابھی تک صنعتی سرگرمیوں کی وسیع البنیاد بحالی کی صورت میں سامنے نہیں آئے۔

گھریلو صارفین کی قوتِ خرید بدستور محدود ہے، جبکہ کاروباری اداروں کو غیر یقینی طلب اور خام مال کی بلند قیمتوں کا سامنا ہے۔ شرحِ سود میں تیزی سے کمی کی توقع کی بھی کوئی خاص وجہ نہیں، جس سے شرحِ سود سے متاثر ہونے والے شعبوں کی بحالی مزید تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے۔

فی الحال بڑی سطح کی مینوفیکچرنگ کا منظرنامہ معتدل شرح نمو کا ہے، کم از کم مالی سال 2027 کی پہلی ششماہی تک یہی صورتِ حال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ملبوسات کی برآمدات مضبوط سہارا فراہم کر رہی ہیں، گاڑیوں کا شعبہ کمزور پیداواری بنیاد سے بحالی کی جانب گامزن ہے، جبکہ ریفائنریوں کو سازگار منافع سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔ تاہم، 10 شعبوں میں گراوٹ اور غذائی مصنوعات کی مینوفیکچرنگ کی مشکلات کے باعث صنعتی بحالی کے لیے مزید شعبوں کی شمولیت ضروری ہے۔ ترقی کے اگلے مرحلے کا انحصار ان چند بہتر کارکردگی دکھانے والے شعبوں سے زیادہ اس بات پر ہوگا کہ آیا ملکی طلب بالآخر معاشی استحکام کے ساتھ ہم آہنگ ہو پاتی ہے یا نہیں۔

Comments

200 حروف