کہا جارہا ہے کہ آٹو پالیسی حتمی مراحل میں ہے۔ ممکنہ محصولات کے نقصان اور اس کی تلافی کے لیے نئے ٹیکس عائد کرنے کے طریقہ کار پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان بھی پالیسی کے بیشتر نکات پر اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے۔ توقع ہے کہ اس پالیسی سے صارفین، گاڑیاں اسمبل کرنے والی کمپنیوں اور تاجروں کو فائدہ ہوگا جبکہ بہتر مراعات کے باعث نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں (این ای وی) کا حصہ بڑھنے کا امکان ہے۔ صارفین کو استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے مزید انتخاب بھی میسر ہوں گے جبکہ مجموعی طور پر گاڑیوں کی قیمتوں میں معمولی کمی متوقع ہے۔ اب تک تمام معاملات خوش آئند سمت میں آگے بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
تاہم مقامی صنعت کو فروغ دینے اور بتدریج برآمدات بڑھانے کے پالیسی کے دو بنیادی مقاصد مجوزہ فریم ورک سے قطعی مطابقت نہیں رکھتے۔ اس کے برعکس یہ پالیسی مقامی سطح پر پرزوں کی تیاری کی حوصلہ شکنی کرسکتی ہے اور آٹو پارٹس بنانے والی بعض کمپنیوں کے کاروبار کے خاتمے کا سبب بھی بن سکتی ہے جن سے تقریباً 3 لاکھ خاندانوں کا معاشی تحفظ وابستہ ہے۔
مقامی سطح پر پرزوں کی تیاری کا تناسب پرانی کار ساز کمپنیوں، بالخصوص جاپانی اسمبلرز میں زیادہ ہے کیونکہ وہ طویل عرصے سے پاکستانی مارکیٹ میں موجود ہیں اور ان کی گاڑیوں میں مقامی طور پر تیار کردہ پرزوں کی تعداد بھی زیادہ ہے۔ ان کمپنیوں کے پاس اب بھی مقامی سطح پر پرزوں کی تیاری بڑھانے کی گنجائش موجود ہے لیکن اس کے لیے مراعات ختم ہوتی جارہی ہیں۔ غیر مقامی پرزوں پر صرف 10 فیصد کسٹم ڈیوٹی کے تحفظ، ملک میں بنیادی خام مال کی پیداوار نہ ہونے اور مجموعی طور پر مسابقت کی کمی کے باعث کسی بھی اسمبلر کو مقامی سطح پر مزید پرزے تیار کرنے کی ترغیب نہیں ملے گی۔
آٹو پارٹس بنانے والے مقامی صنعتکاروں کو نئے آنے والے اسمبلرز سے مقامی سطح پر پرزوں کی تیاری بڑھانے کی امید تھی جنہیں ابتدائی 5 سال تک کسٹم ڈیوٹی کا تحفظ حاصل تھا، تاہم ان میں سے بیشتر کیلئے یہ مدت اب ختم ہوچکی ہے۔ ان کمپنیوں میں مقامی سطح پر پرزوں کی تیاری کا تناسب کم ہے، اس لیے نسبتاً کم ڈیوٹی انہیں مقامی سطح پر پیداوار بڑھانے کے لیے مزید کم ترغیب دے گی۔چھوٹی الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کی صورت میں ڈیوٹی صرف 5 فیصد اور سی بی یوز (مکمل تیار شدہ گاڑیوں) پر بھی سیلز ٹیکس محض ایک فیصد ہوگا، بشرطیکہ ان گاڑیوں کو دو سال کے اندر مقامی سطح پر اسمبل کیا جائے۔ اس سے گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوں گی اور ایسی گاڑیوں کی بڑی تعداد مارکیٹ میں آسکتی ہے جبکہ مقامی سطح پر پرزوں کی تیاری کے لیے تقریباً کوئی ترغیب باقی نہیں رہے گی۔یہ گاڑیاں 50 لاکھ روپے سے کم قیمت والی آئی سی ای گاڑیوں کی مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھاسکتی ہیں جہاں مقامی پرزوں کا استعمال نسبتاً زیادہ ہے۔ اس سے مقامی آٹو پارٹس بنانے والی صنعت کا مارکیٹ شیئر مزید کم ہوسکتا ہے۔
بات صرف یہیں ختم نہیں ہوتی۔ استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد بھی آسان ہوتی جارہی ہے جبکہ حکومت کے لیے اس کاروبار میں ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانا مشکل ہے۔ امکان ہے کہ یہ گاڑیاں مقامی طور پر اسمبل ہونے والی کم اور درمیانی قیمت کی گاڑیوں کا مارکیٹ شیئر بھی حاصل کرلیں گی۔
یہ پالیسی گاڑیاں اسمبل کرنے والی کمپنیوں کو کاروبار جاری رکھنے کا موقع تو دے سکتی ہے، بالخصوص چینی کمپنیاں مکمل تیار شدہ گاڑیوں (سی بی یوز) اور پرزوں کی صورت میں درآمد کرکے مقامی سطح پر اسمبل کی جانے والی گاڑیوں (سی کے ڈیز) کا امتزاج اختیار کرسکتی ہیں جبکہ پرانی اور مستحکم کمپنیاں مقامی اسمبلی کے ساتھ استعمال شدہ جاپانی گاڑیوں کی مارکیٹ میں بھی اپنا حصہ بڑھا سکتی ہیں۔کم ڈیوٹی اور ٹیکسز کے باعث ان کمپنیوں کے منافع کی شرح بہتر ہوسکتی ہے، کیونکہ ممکن ہے کہ وہ اس رعایت کا پورا فائدہ صارفین تک منتقل نہ کریں۔
مارکیٹ میں گاڑیوں کے نئے ماڈلز کی وسیع رینج متعارف ہونے کا امکان ہے۔ پہلے ہی ایک درجن سے زائد اسمبلرز کام کررہے ہیں اور ریکارڈ تعداد میں گاڑیوں کے نئے ماڈلز پیش کیے جارہے ہیں۔ تاہم ان میں سے بہت سی گاڑیاں فروخت کے لحاظ سے خاطر خواہ حجم حاصل نہیں کرسکی ہیں، کیونکہ مقامی سطح پر پرزوں کی تیاری کے لیے پیداوار کا ایک مخصوص کم از کم حجم ضروری ہوتا ہے۔ بیشتر کمپنیوں کے لیے یہ حجم حاصل کرنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔ مزید یہ کہ جہاں گاڑیوں کی پیداوار کا حجم مناسب ہے، وہاں چھوٹی الیکٹرک گاڑیوں اور استعمال شدہ درآمدی گاڑیوں سے مقابلہ بڑھنے کا امکان ہے۔
چنانچہ مقامی سطح پر پرزوں کی تیاری میں کمی آسکتی ہے جبکہ برآمدات کا قابلِ ذکر حجم حاصل کرنے کا ہدف محض پالیسی بیان تک محدود رہ سکتا ہے۔ یہ پالیسی بعض فریقوں کے لیے فائدہ مند تو دوسروں کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔ پالیسی سازوں کو مجوزہ اقدامات کے ممکنہ نتائج کا واضح ادراک ہونا چاہیے۔ بظاہر اس پالیسی سے ملکی انجینئرنگ کی صنعت کے زوال کی رفتار مزید تیز ہوسکتی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026


Comments