سونا 14 ماہ کی کم ترین سطح سے اوپر آگیا، مارکیٹوں کی نظریں امریکی مہنگائی کے ڈیٹا پر
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2 فیصد اضافے سے 3,603.77 ڈالر فی اونس ہوگئی
گزشتہ ہفتے 14 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے کے بعد پیر کو سونے کی قیمت میں کچھ بحالی دیکھی گئی، سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کے حکام کے بیانات اور شرح سود کے مستقبل کے رجحان سے متعلق تازہ اشاروں کے لیے امریکہ کے آئندہ افراطِ زر کے اعدادوشمار کے منتظر ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2 فیصد اضافے سے 3,603.77 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ گزشتہ ہفتے سونے کی قیمت میں تقریباً 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی جو مارچ کے بعد سب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ ہے۔
دوسری جانب دسمبر میں فراہمی کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت بھی 2.5 فیصد اضافے سے 3,603.20 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
کائل روڈا نے کہا کہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص میں فروخت کے دباؤ اور اے آئی شعبے میں تیزی کی رفتار کمزور پڑنے کے باعث معاشی سرگرمیوں میں کمی کے خدشات نے مارکیٹوں کو امریکی شرح سود کے مستقبل کے حوالے سے اپنی توقعات پر نظرثانی پر مجبور کیا جس سے سونے کی قیمت کو بنیادی سہارا ملا ہے۔
پیر کو امریکی اسٹاک فیوچرز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ایشیا کی اسٹاک مارکیٹوں میں مسلسل گراوٹ کو روکنے کے لیے حکام سرگرم ہوگئے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے اے آئی شعبے میں تیزی کے مرکزی کردار ٹیکنالوجی اور چپ ساز کمپنیوں کے حصص میں شدید فروخت کا دباؤ دیکھا گیا تھا۔
سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق مارکیٹ میں اس وقت توقع کی جارہی ہے کہ مرکزی بینک دسمبر کے پالیسی اجلاس میں شرح سود میں اضافے کا 93 فیصد امکان ہے جبکہ گزشتہ ہفتے یہ امکان تقریباً 100 فیصد تھا۔
شرح سود میں اضافے کے امکانات کم ہونے سے سونے جیسے اثاثوں کو رکھنے کی موقعی لاگت کم ہوجاتی ہے جس سے منافع نہ دینے والے اس قیمتی دھات کی کشش بڑھ جاتی ہے۔
پیپر اسٹون کے ریسرچ اسٹریٹجسٹ ڈیلن وو نے کہا کہ اگرچہ پیر کو ابتدائی کاروبار میں سونے کی قیمت میں معمولی بحالی ہوئی ہے، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ قیمتیں اپنی کم ترین سطح تک پہنچ چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حصص کی مارکیٹوں میں اتار چڑھاؤ برقرار رہتا ہے تو سونے میں مزید جبری فروخت کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا۔
دریں اثنا فیڈرل ریزرو کی گورنر لیزا کک نے جمعہ کو شرح سود میں مزید اضافے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی مرکزی بینک کی موجودہ شرح سود مہنگائی کی روک تھام کے لیے کافی بلند نہیں جبکہ انہوں نے مہنگائی کی موجودہ سطح پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
مارکیٹ کے شرکا اب بدھ کو جاری ہونے والے امریکی پرسنل کنزمپشن ایکسپینڈیچرز (پی سی ای) کے اعدادوشمار کے منتظر ہیں۔ یہ مہنگائی کا ایک اہم پیمانہ ہے جس پر مرکزی بینک گہری نظر رکھتا ہے اور اس کا ہدف مہنگائی کی شرح 2 فیصد تک لانا ہے۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں اسپاٹ چاندی کی قیمت 2.4 فیصد اضافے سے 42.15 ڈالر فی اونس ہوگئی، پلاٹینم 0.8 فیصد بڑھ کر 1,309.86 ڈالر جبکہ پیلیڈیم 0.2 فیصد اضافے سے 894.58 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔


Comments