بحرین میں ایرانی حملہ، پاکستانی سمیت دو افراد زخمی، ریاض کی شدید مذمت
- ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے بارہا کہا ہے کہ اس نے بحرین میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے
بحرین نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز ایران کے حملے میں مملکت کے ایک صنعتی مقام کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ بحرین حالیہ دنوں میں مسلسل حملوں کی زد میں ہے۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے بارہا دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بحرین میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ایران نے ستمبر کے اوائل سے حملوں میں وقفے کے بعد 13 نومبر کو دوبارہ بحرین پر حملے شروع کیے تھے۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ہفتے کے روز مملکت کو ایران کے مجرمانہ حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جن کے نتیجے میں معذوری کا شکار ایک بحرینی شہری زخمی ہوگیا۔
بحرین کی وزارت داخلہ کے مطابق زخمی بحرینی شہری کی حالت مستحکم ہے، جبکہ ایک پاکستانی شہری بھی زخمی ہوا ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ دونوں زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے دو مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ انہوں نے منامہ کے مشرق میں واقع جزیرے سترہ کے اوپر دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے۔ اس جزیرے پر کئی صنعتی تنصیبات موجود ہیں، جن میں سرکاری تیل کمپنی باپکو کی زیرِ انتظام آئل ریفائنری بھی شامل ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا پر ہفتے کی شام نشر کیے گئے ایک بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ انہوں نے بحرین کے الرفاع اور عوالی فوجی اڈوں پر امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق یہ کارروائی اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی حدود کی مسلسل خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔
دوسری جانب تہران نے ہفتے کو دعویٰ کیا کہ اس نے آبنائے ہرمز میں واقع جزیرہ قشم کو نشانہ بنانے والے ایک امریکی ڈرون کو روک لیا ہے۔ آبنائے ہرمز مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران ایک اہم اسٹریٹجک بحری گزرگاہ کی حیثیت رکھتی ہے۔
ادھر بحرین کے طاقتور ہمسایہ ملک سعودی عرب نے اتوار کو خلیجی ممالک کے خلاف ایران کی مسلسل ’’وحشیانہ جارحیت‘‘ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
سعودی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بحرین کی ایک شہری صنعتی تنصیب پر ایران کے حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے برادر ملک بحرین کے خلاف مجرمانہ کارروائی قرار دیا۔
حوثی حملہ
سعودی عرب نے اتوار کی علی الصباح اعلان کیا کہ اس نے ملک کے مغربی علاقے میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا ہے۔
اس علاقے میں توانائی کے حوالے سے اہم تنصیبات واقع ہیں، جن میں بندرگاہ ینبع پر قائم آئل ٹرمینل اور ملک کے انتہائی جنوب مغرب میں یمن کی سرحد کے قریب واقع جیزان آئل ریفائنری شامل ہیں۔
یمن کی ہمسایہ خانہ جنگی میں رواں موسم گرما کے دوران دوبارہ لڑائی شروع ہونے کے بعد سعودی عرب کو حملوں میں اضافے کا سامنا ہے۔ یہ تنازع مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کا ایک نیا محاذ بن چکا ہے۔
اتوار ہی کے روز بعد ازاں یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے ریاض کے وسیع تر علاقے کی طرف بھیجا گیا ایک ڈرون روک کر تباہ کردیا ہے۔ ریاض میں اکثر دھماکوں کی آوازیں سنی جاتی ہیں۔
یمن میں جولائی سے تنازع دوبارہ شروع ہونے کے بعد حوثیوں نے اکتوبر سے سعودی عرب پر حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔ ان حملوں میں بالخصوص سعودی عرب کی اہم تیل تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ حوثی باغی دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز پر بھی متعدد بار حملے کرچکے ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق ستمبر سے اب تک ان حملوں میں ملک میں 26 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں سے 23 ہوائی اڈوں پر ہونے والے حملوں میں جان سے گئے۔
دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحاد بھی یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اب تک جاری لڑائی کے نتیجے میں یمن میں ایک ہزار 600 سے زائد افراد ہلاک اور 3 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہوچکے ہیں۔ یمن جزیرہ نما عرب کا غریب ترین ملک ہے۔


Comments