ایس آئی ایف سی کی ہدایات، ٹھوس کچرے کو گیس میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام شروع
- خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے وزیراعظم آفس میں منعقدہ اجلاس کے دوران پیٹرولیم ڈویژن کو جامع پالیسی اور اس پر عمل درآمد کا طریقہ کار تیار کرنے کی ہدایت کی
حکومت نے میونسپل سالڈ ویسٹ کو پائپ لائن کے معیار کی گیس میں تبدیل کرکے قومی گیس نیٹ ورک میں شامل کرنے کے مجوزہ منصوبے کے پیش نظر بائیو میتھین منصوبوں کے لیے خصوصی پالیسی اور ضابطہ جاتی فریم ورک کی تیاری شروع کردی ہے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے وزیراعظم آفس میں منعقدہ اجلاس کے دوران پیٹرولیم ڈویژن کو جامع پالیسی اور اس پر عمل درآمد کا طریقہ کار تیار کرنے کی ہدایت کی۔
مجوزہ منصوبہ فیصل آباد میں شروع کرنے کی تجویز ہے، جس کے تحت روزانہ تقریباً ایک ہزار ٹن میونسپل سالڈ ویسٹ سے بائیو میتھین تیار کی جائے گی، جسے بعدازاں ملک کے موجودہ گیس ترسیل اور تقسیم کے نظام میں شامل کیا جائے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں بائیو میتھین کی پیداوار، معیار، نقل و حمل، گیس نیٹ ورک میں شمولیت اور تجارتی فروخت کے لیے مخصوص پالیسی اور ضابطہ موجود نہیں۔
ٹیرا گرڈ انرجی نے اجلاس کو بتایا کہ منصوبہ ابتدائی تکنیکی فزیبلٹی کے مرحلے میں ہے اور کمپنی یورپی ٹیکنالوجی شراکت داروں سے رابطے میں ہے۔ نیدرلینڈز کے ترقیاتی مالیاتی ادارے ایف ایم او کے ساتھ مالی معاونت پر بھی بات چیت جاری ہے۔ کمپنی نے حکومت سے معاونت اور دلچسپی یا حمایت کا خط جاری کرنے کی درخواست کی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ڈی جی گیس نے کہا کہ بائیو میتھین پاکستان میں ابھرتا ہوا شعبہ ہے اور اوگرا کا موجودہ ضابطہ اس سے متعلق سرگرمیوں کا احاطہ نہیں کرتا۔ انہوں نے نجی صارفین اور آف گرڈ مارکیٹوں کو گیس فراہم کرنے کے امکانات پر بھی غور کرنے کی تجویز دی۔
اوگرا نے ذخیرہ، ترسیل اور موجودہ گیس نیٹ ورک میں بائیو میتھین شامل کرنے کے ضابطہ جاتی تقاضوں سے آگاہ کیا۔ متعلقہ اداروں نے تکنیکی، حفاظتی اور بنیادی ڈھانچے کے معاملات کے لیے الگ فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی نے منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کاربن اخراج میں کمی اور ماحولیاتی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ ادارے اوگرا، پی پی آئی بی اور وزارت موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر فریقین سے مشاورت کرکے پالیسی تجاویز پیٹرولیم ڈویژن کو دیں گے، جو چار ہفتوں میں مجوزہ پالیسی اور عمل درآمد کا طریقہ کار ایس آئی ایف سی کو پیش کرے گا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments