پرتگال کے وزیر خارجہ کل سے دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے
- پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے طریقوں پر تبادلۂ خیال ہوگا
پرتگال کے وزیر مملکت و وزیر خارجہ پاؤلو رینجل اتوار سے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب پاکستان اور پرتگال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 77ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات 7 نومبر 1949ء کو قائم ہوئے تھے۔
دفتر خارجہ نے ہفتے کے روز جاری کردہ بیان میں کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پرتگال کے اپنے ہم منصب سے ون آن ون ملاقات کریں گے، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا، ’’دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ مذاکرات میں زراعت، بالخصوص زیتون کی کاشت اور اس کی پراسیسنگ، قابلِ تجدید توانائی، بحری رابطوں، نقل مکانی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بھی زیرِ بحث آئے گا۔ اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔‘‘
اس دورے کے موقع پر پاکستان اور پرتگال کا بزنس فورم بھی منعقد ہوگا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کی کمپنیاں کاروباری شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے کاروباری سطح پر ملاقاتیں کریں گی۔ ان ملاقاتوں میں زرعی و غذائی مصنوعات، قابلِ تجدید توانائی، ادویہ سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل کے شعبے زیرِ غور آئیں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ پاؤلو رینجل کا یہ دورہ پاکستان اور پرتگال کے دیرینہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون وسیع کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے پیر کے روز بزنس فورم کے انعقاد اور انتظامات کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے۔
ایس آئی ایف سی ڈویژن کی جانب سے رواں ہفتے کے اوائل میں جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ فورم اسلام آباد میں پرتگال کے سفارت خانے کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں پرتگال سے ایک کاروباری وفد کی شرکت متوقع ہے۔


Comments