سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے جمع کرانے سے قبل اپنے آڈیٹر کی رپورٹ پر درج منفرد دستاویزی شناختی نمبر (یو ڈی آئی این) کی تصدیق کریں۔ یہ ہدایت ان تمام کمپنیوں پر لاگو ہوگی جو قانون کے تحت ایس ای سی پی میں آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے جمع کرانے کی پابند ہیں۔
یو ڈی آئی این ایک منفرد نمبر ہے جس کے ذریعے آڈٹ رپورٹ جاری کرنے والے کی شناخت کی تصدیق کی جاسکتی ہے۔ یہ جعلی آڈٹ رپورٹس کے استعمال کی روک تھام میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔ بیان کے مطابق آڈیٹرز یہ نمبر اپنے متعلقہ ادارے، انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان یا انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کے پورٹل کے ذریعے جاری کرتے ہیں۔
آڈیٹرز ریگولیشنز 2018 کے ضابطہ 6 اے کے تحت آڈیٹرز کیلئے لازم ہے کہ وہ ان ضوابط کے تحت جاری کی جانے والی ہر رپورٹ میں یو ڈی آئی این درج کریں۔ کمپنیاں مالیاتی گوشوارے جمع کرانے سے قبل متعلقہ ادارے کے پورٹل کے ذریعے اس نمبر کی تصدیق کرسکتی ہیں۔ ایس ای سی پی صرف ایسی دستاویزات جمع کرانے کی منظوری دے گا جن کے ساتھ منسلک آڈیٹر کی رپورٹ میں درست یو ڈی آئی این درج ہوگا۔
غیر مؤثر یو ڈی آئی این کے استعمال پر متعلقہ قوانین کے تحت ضابطہ جاتی کارروائی یا دیوانی و فوجداری مقدمات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔


Comments