اسٹاک ایکسچینج میں مندی، 100 انڈیکس 500 سے زائد پوائنٹس گرگیا
- ینچ مارک انڈیکس 559.42 پوائنٹس یا 0.32 فیصد کمی کے بعد 176,212.76 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعہ کو کاروبار کے آغاز پر فروخت کا رجحان دیکھا گیا، جس کے باعث بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کاروبار کے آغاز پر 500 سے زائد پوائنٹس گر گیا۔
صبح 9 بج کر 40 منٹ پر بینچ مارک انڈیکس 559.42 پوائنٹس یا 0.32 فیصد کمی کے بعد 176,212.76 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں سمیت اہم شعبوں میں فروخت دیکھی گئی۔ انڈیکس پر بھاری اثر رکھنے والے حصص، جن میں اے آر ایل، پی پی ایل، پی ایس او، ایچ بی ایل، ایم سی بی اور این بی پی شامل ہیں، منفی زون میں کاروبار کر رہے تھے۔
جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بحالی دیکھی گئی تھی، کیونکہ گزشتہ سیشن میں ہفتہ وار کم ترین سطح پر آنے کے بعد سرمایہ کاروں نے کم قیمتوں پر حصص کی خریداری شروع کردی تھی۔ مقامی سیاسی کشیدگی اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث محتاط سرمایہ کاری کے رجحان کے باوجود مارکیٹ میں تیزی آئی، تاہم کاروبار کے دوسرے حصے میں منافع کے حصول کے لیے فروخت نے مارکیٹ کے ابتدائی اضافے کو محدود کردیا۔
بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 477.86 پوائنٹس یا 0.27 فیصد اضافے کے بعد 176,772.19 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر ایشیائی حصص کی منڈیوں میں جمعہ کو شدید مندی دیکھی گئی اور مارکیٹس 2020 کے بعد اپنے بدترین ہفتے کی جانب گامزن رہیں۔ اس کی وجہ اینتھروپک کے اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی آغاز کے باوجود مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق سرمایہ کاری پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نہ ہونا تھا، جبکہ محفوظ سرمایہ کاری کی طلب کے باعث ڈالر کی قدر میں بھی اضافہ جاری رہا۔
ایم ایس سی آئی کے ایشیا پیسیفک حصص کے وسیع ترین انڈیکس میں 2.5 فیصد کمی ہوئی اور اس کے مسلسل چھٹے روز منفی رہنے کا امکان تھا۔ اس ہفتے اب تک انڈیکس 7 فیصد گر چکا ہے، جو مارچ 2020 کے بعد اس کی بدترین ہفتہ وار کارکردگی ہے۔
جاپان کا نکیئی انڈیکس 4.1 فیصد گر گیا اور اس ہفتے مجموعی طور پر 6.8 فیصد کمی کی جانب گامزن تھا، جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 4.7 فیصد نیچے آیا اور ہفتے کا اختتام 7.5 فیصد کمی کے ساتھ کرنے کا امکان تھا۔
ایشیا میں یہ مندی امریکی ایس اینڈ پی 500 اور نیس ڈیک کمپوزٹ انڈیکس میں 2 فیصد سے زیادہ کمی کے بعد سامنے آئی۔
دنیا کی پہلی عوامی طور پر اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہونے والی جدید اے آئی کمپنی اینتھروپک کے حصص نے تاریخی آغاز کے موقع پر 30 فیصد سے زیادہ اضافہ کیا، تاہم اس جوش و خروش کے باوجود دیگر اے آئی کمپنیوں کے حصص کو کوئی خاص سہارا نہ مل سکا۔
اے آئی کے وسیع تر شعبے کو این ویڈیا سے جینسن ہوانگ کی علیحدگی کے ساتھ ساتھ امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد ڈیٹا سینٹرز مخالف تحریک میں مزید تیزی سے بھی دھچکا پہنچا ہے۔
اس شعبے پر بڑھتے ہوئے قرضوں کے بوجھ اور اس انتباہ نے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانیت کی بقا کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
امریکی اسٹاک فیوچرز بھی مزید مندی کی نشاندہی کر رہے تھے۔ جمعہ کو ایشیائی کاروباری اوقات کے دوران ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.4 فیصد جبکہ نیس ڈیک فیوچرز میں 0.7 فیصد کمی ہوئی۔
سی ایم ای گروپ کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق فیڈرل فنڈز فیوچرز سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگلے ماہ شرح سود میں 0.25 فیصد اضافے کا امکان تقریباً یقینی ہو چکا ہے۔
یہ انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے۔


Comments