2035 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد عیسائیوں سے بڑھ جائے گی، پیو ریسرچ سینٹر کی پیش گوئی
- 2070 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی آبادی 80 فیصد اضافے کے ساتھ 3.6 ارب تک پہنچنے کا امکان ہے
پیو ریسرچ سینٹر کی بدھ کے روز شائع ہونے والی نئی پیش گوئیوں کے مطابق، 2035 تک مسلمان دنیا کا سب سے بڑا مذہبی گروہ بن جائیں گے اور ان کی تعداد عیسائیوں سے بڑھ جائے گی۔
مطالعے کے مطابق اگر حالیہ رجحانات برقرار رہے تو 2070 تک دنیا بھر میں مسلمانوں کی تعداد 3.6 ارب سے تجاوز کر جائے گی، جبکہ عیسائیوں کی تعداد 3 ارب سے کچھ کم رہنے کا امکان ہے۔
دونوں مذہبی گروہوں کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم مسلمانوں کی تعداد میں کہیں زیادہ تیزی سے اضافے کا امکان ہے۔ 2020 سے 2070 کے دوران مسلمانوں کی آبادی 80 فیصد بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ اسی عرصے میں عیسائیوں کی آبادی میں 30 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ اس دوران دنیا کی مجموعی آبادی میں 29 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
نتیجتاً، 2070 تک دنیا کی مجموعی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب 2020 کے 26 فیصد سے بڑھ کر 36 فیصد ہونے کا امکان ہے، جبکہ عیسائیوں کا تناسب تقریباً مستحکم رہتے ہوئے 29 فیصد پر برقرار رہنے کی توقع ہے۔
2070 تک پاکستان میں مسلمانوں کی آبادی دنیا میں سب سے زیادہ ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد بھارت، نائجیریا اور انڈونیشیا کا نمبر آئے گا۔ فی الحال دنیا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی آبادی انڈونیشیا میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق، بڑے مذاہب میں نئے پیروکاروں کی شمولیت کا زیادہ تر سبب بالغ افراد کا مذہب تبدیل کرنا نہیں بلکہ بچوں کی پیدائش ہے۔ مسلمانوں میں شرحِ پیدائش سب سے زیادہ ہے۔ 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان خواتین کے ہاں اوسطاً 3.1 بچوں کی پیدائش ہوئی، جبکہ غیر مسلم خواتین میں یہ شرح 2.0 رہی۔ زیرِ مطالعہ مذہبی گروہوں میں مسلمانوں کی عمر بھی سب سے کم ہے اور 2020 میں ان کی اوسط عمر 24 سال تھی۔ 2020 سے 2025 کے دوران مسلمان ماؤں کے ہاں 25 کروڑ 20 لاکھ بچے پیدا ہوئے، جبکہ عیسائی ماؤں کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد 20 کروڑ 80 لاکھ رہی۔
رواں صدی میں عالمی آبادی کا زیادہ تر اضافہ سب صحارا افریقا میں متوقع ہے، جہاں عیسائی اور مسلمان اکثریت میں ہیں۔
2070 تک دنیا کے نصف سے زیادہ عیسائی سب صحارا افریقا میں آباد ہوں گے۔ جمہوریہ کانگو میں بھی عیسائی آبادی امریکا سے بڑھ جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب، بیشتر خطوں میں مجموعی آبادی کے تناسب سے عیسائیوں کا حصہ کم ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور امریکا میں عیسائی اکثریت برقرار نہیں رہے گی، تاہم وہاں عیسائی سب سے بڑا مذہبی گروہ رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق، ہندوؤں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے باوجود عالمی آبادی میں ان کا تناسب کم ہونے کا امکان ہے۔ یہ رجحان یہودی آبادی کے حوالے سے بھی متوقع ہے۔ بدھ مت کے پیروکاروں کی تعداد اور عالمی آبادی میں ان کا تناسب، دونوں کم ہوں گے۔ دیگر تمام مذاہب کے پیروکاروں کی مجموعی تعداد میں معمولی اضافہ متوقع ہے، جن میں بہائی، تاؤ مت، جین مت، سکھ مت اور لوک مذاہب کے پیروکار شامل ہیں، تاہم 2070 تک عالمی آبادی میں ان سب کا مجموعی تناسب 2 فیصد سے بھی کم رہ جائے گا۔
دریں اثنا، کسی مذہب سے وابستہ نہ ہونے والے افراد، جنہیں بعض اوقات ’’نونز‘‘ کہا جاتا ہے، کا عالمی آبادی میں تناسب 2020 کے 24 فیصد سے کم ہو کر 2070 میں 17 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ اس کی بنیادی وجہ چین کی آبادی میں متوقع کمی ہے۔
دنیا کے تمام چھ بڑے خطوں میں مجموعی آبادی کے تناسب سے مسلمانوں کا حصہ بڑھنے کا امکان ہے۔ یورپ میں ان کا تناسب تقریباً دوگنا ہو کر 6 فیصد سے 13 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے، جس کی ایک وجہ نقل مکانی بھی ہے۔ شمالی امریکا میں عیسائیوں کا تناسب 63 فیصد سے کم ہو کر 46 فیصد رہنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں یہ خطہ عیسائی اکثریت کا حامل نہیں رہے گا۔
پیو ریسرچ سینٹر نے واضح کیا ہے کہ ان پیش گوئیوں میں یہ مفروضہ اختیار کیا گیا ہے کہ مذہب کی تبدیلی اور نقل مکانی کے حالیہ رجحانات برقرار رہیں گے۔ ادارے کے مطابق، اس کی سابقہ پیش گوئیوں میں کسی مذہب سے وابستہ نہ ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا تخمینہ کم لگایا گیا تھا، اس لیے نئی پیش گوئیوں میں بھی اس رجحان کے حوالے سے محتاط اندازہ اختیار کیے جانے کا امکان ہے۔
پیو ریسرچ سینٹر واشنگٹن میں قائم ایک غیر جانب دار اور غیر وکالتی تحقیقی ادارہ ہے، جو عوامی رائے کے جائزوں، آبادیاتی تحقیق اور اعداد و شمار پر مبنی سماجی علوم کے مطالعات انجام دیتا ہے۔


Comments