وزیراعظم نے معاشی ترقی کا سہرا عسکری و سیاسی قیادت کے اشتراک کو دے دیا
- شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بہترین ٹیم اور مشترکہ کوششوں کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہیں تھیں
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی معاشی کامیابیوں کا سہرا فوجی اور سیاسی قیادت کے درمیان اپنے بقول ’’مثبت شراکت داری‘‘ کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں شعبوں کے درمیان تعاون نے معاشی استحکام کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اسلام آباد میں امریکن بزنس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اہم معاشی اشاریوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ملک معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خلیجی بحران نے دنیا کی طاقتور ترین معیشتوں کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے، تاہم پاکستان اب بھی استحکام کے دور سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کی ضروریات کے حوالے سے پاکستان انتہائی نازک صورتحال سے دوچار ہے۔ ملک اپنی توانائی کی ضروریات کا 90 فیصد سے زائد حصہ بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے، جس میں تیل، گیس، ایل این جی اور پیٹرول شامل ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق اس کے باوجود پیٹرول پمپس پر عوامی ہنگامہ آرائی دیکھنے میں نہیں آئی، بلکہ حکومت معاشرے کے انتہائی کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سبسڈی پروگرام وضع کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
کاروباری برادری سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ٹیم ورک اور اجتماعی کوششوں کے بغیر یہ کامیابیاں حاصل کرنا ممکن نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بلاخوف تردید کہہ سکتے ہیں کہ ایک بہترین ٹیم اور مشترکہ جدوجہد کے بغیر یہ اور دیگر معمولی کامیابیاں بھی ممکن نہ ہوتیں۔
وزیراعظم نے عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان تعاون کو پاکستان کی تاریخ میں بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یاد نہیں کہ اس سے پہلے کبھی فوجی اور سیاسی قیادت کے درمیان اس قدر نتیجہ خیز شراکت داری قائم ہوئی ہو۔
مزید تفصیلات آنا باقی ہیں۔۔۔


Comments