BR100 Increased By (0.55%)
BR30 Decreased By (-0%)
KSE100 Increased By (0.26%)
KSE30 Increased By (0.35%)
BAFL 60.00 Increased By ▲ 0.32 (0.54%)
BIPL 24.46 Increased By ▲ 0.03 (0.12%)
BOP 31.24 Decreased By ▼ -0.17 (-0.54%)
CNERGY 11.83 Decreased By ▼ -0.07 (-0.59%)
DFML 16.26 Decreased By ▼ -1.34 (-7.61%)
DGKC 201.80 Increased By ▲ 0.84 (0.42%)
FABL 93.88 Increased By ▲ 0.58 (0.62%)
FCCL 59.35 Decreased By ▼ -0.14 (-0.24%)
FFL 14.13 Decreased By ▼ -0.22 (-1.53%)
GGL 19.59 Decreased By ▼ -0.20 (-1.01%)
HBL 303.50 Decreased By ▼ -0.63 (-0.21%)
HUBC 206.49 Increased By ▲ 0.45 (0.22%)
HUMNL 8.07 Increased By ▲ 0.08 (1%)
KEL 6.13 Decreased By ▼ -0.07 (-1.13%)
LOTCHEM 25.80 Increased By ▲ 1.25 (5.09%)
MLCF 103.25 Decreased By ▼ -0.46 (-0.44%)
OGDC 312.66 Decreased By ▼ -0.07 (-0.02%)
PAEL 34.76 Decreased By ▼ -0.12 (-0.34%)
PIBTL 13.78 Decreased By ▼ -0.09 (-0.65%)
PIOC 270.75 Decreased By ▼ -0.89 (-0.33%)
PPL 222.70 Decreased By ▼ -0.17 (-0.08%)
PRL 82.15 Decreased By ▼ -0.21 (-0.25%)
SNGP 91.50 Decreased By ▼ -3.25 (-3.43%)
SSGC 23.93 Increased By ▲ 0.42 (1.79%)
TELE 7.33 Decreased By ▼ -0.02 (-0.27%)
TPLP 12.74 Decreased By ▼ -0.01 (-0.08%)
TRG 52.74 Decreased By ▼ -0.25 (-0.47%)
UNITY 8.49 Increased By ▲ 0.01 (0.12%)
WTL 1.38 Increased By ▲ 0.07 (5.34%)
Perspectives

نقشے بدلتے ہیں شناختیں نہیں، جام کمال خان

  • صوبائی حدود میں تبدیلی کی مخالفت اکثر اس مفروضے پر مبنی ہوتی ہے کہ یہ حدود قدیم اور ناقابلِ تبدیلی سیاسی جغرافیے کی عکاسی کرتی ہیں
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان میں ایک بار پھر اس بات پر بحث ہو رہی ہے کہ آیا ملک کو مزید صوبوں، چھوٹی انتظامی اکائیوں یا زیادہ مضبوط مقامی حکومتوں کی ضرورت ہے۔ یہ بحث اس لیے اہم ہے کہ نئے صوبوں کا قیام بذاتِ خود کوئی مقصد نہیں، بلکہ ریاست کا انتظامی ڈھانچہ اس بات پر اثر انداز ہوتا ہے کہ عوام کی نمائندگی کیسے ہوتی ہے، حکمرانی کا نظام کس طرح کام کرتا ہے اور عوام کو بنیادی خدمات کیسے فراہم کی جاتی ہیں۔ اس بات کا فیصلہ کرنے سے پہلے کہ مستقبل میں پاکستان کا انتظامی نقشہ کیسا ہونا چاہیے، ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ آج کا نقشہ کس طرح وجود میں آیا۔

صوبائی حدود میں تبدیلی کی مخالفت اکثر اس مفروضے پر مبنی ہوتی ہے کہ یہ حدود قدیم اور ناقابلِ تبدیلی سیاسی جغرافیے کی عکاسی کرتی ہیں۔ تاہم تاریخ اس کے برعکس صورت حال پیش کرتی ہے۔ سیاسی تبدیلیوں اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر سرحدیں قائم کی گئی ہیں، تبدیل ہوئی ہیں، مختلف علاقوں کو ضم کیا گیا ہے اور بعض انتظامی اکائیوں کو ختم بھی کیا گیا ہے۔ جو چیز آج مستقل دکھائی دیتی ہے، ممکن ہے وہ نسبتاً حالیہ ہو۔ اس حوالے سے لسبیلہ ایک قابلِ غور مثال ہے۔

میں یہ بات ایک ذاتی نقطۂ نظر سے بیان کر رہا ہوں۔ جام خاندان نے صدیوں تک لسبیلہ پر ایک خودمختار ریاست کے طور پر حکومت کی، جبکہ خان قلات کے ساتھ اس کے سیاسی تعلقات وقت کے ساتھ تبدیل ہوتے رہے۔ اگرچہ مختلف ادوار میں سیاسی انحصار اور ذمہ داریوں کی نوعیت بدلتی رہی، تاہم لسبیلہ نے اپنے الگ سیاسی اور انتظامی ڈھانچے بھی برقرار رکھے۔ اس کی تاریخ کو نہ تو اس دعوے تک محدود کیا جا سکتا ہے کہ وہ ہمیشہ قلات سے مکمل طور پر الگ رہا اور نہ ہی اسے محض قلات کا ایک عام ضلع قرار دیا جا سکتا ہے۔ تاریخی ریکارڈ اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور باریک پہلوؤں کا حامل ہے، اور جب ہم علاقے اور انتظامی ڈھانچے پر بات کرتے ہیں تو ان پہلوؤں کو سمجھنا اہمیت رکھتا ہے۔

انتظامی حد عبور کرنے سے کسی کی شناخت ختم نہیں ہو جاتی۔ نیا صوبہ قائم کرنے سے کوئی نئی قومیت وجود میں نہیں آتی، جس طرح سرحد تبدیل ہونے سے پہلے سے موجود ثقافت مٹ نہیں جاتی۔

آج جس وسیع علاقے کو بلوچستان کہا جاتا ہے، وہ ہمیشہ اپنی موجودہ آئینی یا انتظامی شکل میں موجود نہیں تھا۔ قیامِ پاکستان سے پہلے اس علاقے میں کئی سیاسی اکائیاں شامل تھیں، جن میں خان قلات، لسبیلہ، مکران اور خاران کی ریاستیں اور براہِ راست برطانوی انتظام کے تحت آنے والے علاقے شامل تھے۔ برطانوی اقتدار مختلف معاہدوں، سمجھوتوں، لیز اور دیگر انتظامی انتظامات کے ذریعے قائم ہوا۔ آج کے نقشے کو اٹھارہویں یا انیسویں صدی پر منطبق کرنا ایک بعد میں وجود میں آنے والی انتظامی حقیقت کو اس وقت کے بالکل مختلف سیاسی منظرنامے پر مسلط کرنے کے مترادف ہے۔

یہ صورت حال صرف بلوچستان تک محدود نہیں۔ سندھ 1936 میں بمبئی پریزیڈنسی سے الگ ہو کر ایک صوبہ بنا۔ کراچی کی حیثیت بھی تبدیل ہوتی رہی۔ یہ سندھ کا دارالحکومت تھا، پھر پاکستان کا وفاقی دارالحکومت بنا، بعد ازاں اسے الگ وفاقی علاقہ قرار دیا گیا اور بالآخر دوبارہ سندھ میں شامل کردیا گیا۔ خیرپور اور بہاولپور نے بھی پاکستان سے الحاق کے بعد کچھ عرصے تک اپنی الگ حیثیت برقرار رکھی، تاہم 1955 میں ون یونٹ کے قیام کے تحت انہیں مغربی پاکستان میں ضم کردیا گیا۔ ان تبدیلیوں نے انتظامی نظام کو بدلا، لیکن متعلقہ لوگوں کی تاریخ یا شناخت کو تبدیل نہیں کیا۔

قیامِ پاکستان کے بعد لسبیلہ کا تجربہ اس نکتے کو واضح کرتا ہے۔ 1948 میں پاکستان سے الحاق کے بعد بھی لسبیلہ نے اپنی الگ شناخت برقرار رکھی اور 1952 میں قلات، مکران اور خاران کے ساتھ بلوچستان اسٹیٹس یونین میں شامل ہوگیا۔ 1955 میں ون یونٹ کے قیام نے اس انتظام کو ختم کردیا اور لسبیلہ کو قلات ڈویژن کا حصہ بنا دیا گیا۔ دسمبر 1960 میں اسے قلات سے الگ کرکے انتظامی طور پر کراچی کے ساتھ ملا دیا گیا اور کراچی بیلہ ڈویژن قائم کیا گیا۔ 1972 میں لسبیلہ دوبارہ قلات ڈویژن میں شامل ہوگیا۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ لسبیلہ کو اب کراچی کا حصہ ہونا چاہیے، بلکہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ماضی میں بھی انتظامی تعلقات تبدیل ہوتے رہے ہیں۔

اس کی سب سے واضح قومی مثال ون یونٹ ہے۔ 1955 میں مغربی پاکستان کے صوبوں اور پہلے سے موجود کئی انتظامی انتظامات کو ضم کرکے ایک واحد صوبہ بنا دیا گیا۔ 1970 میں ون یونٹ ختم کردیا گیا اور صوبائی ڈھانچہ بحال کردیا گیا، جبکہ بلوچستان بھی ایک صوبے کے طور پر سامنے آیا۔ ایک ہی نسل کے دوران پاکستان نے اپنے اندرونی انتظامی جغرافیے میں بنیادی تبدیلی کی اور پھر اسے دوبارہ تبدیل کردیا۔ اس لیے آج کی صوبائی حدود کو ملک کے جغرافیے کی مستقل خصوصیات نہیں سمجھنا چاہیے۔

انتظامی حدود اور شناخت کے درمیان ایک اہم فرق موجود ہے۔ صوبائی سرحد ایک آئینی اور انتظامی لکیر ہوتی ہے، یہ کسی قوم کی تاریخ، ثقافت یا شناخت کی حد بندی نہیں کرتی۔ بلوچ عوام بلوچستان، سندھ، پنجاب، ایران، افغانستان اور خلیجی ممالک میں آباد ہیں۔ اسی طرح سندھیوں، پنجابیوں اور پشتونوں کی تاریخ اور ثقافتی شناخت بھی آج کی صوبائی سرحدوں سے آگے تک پھیلی ہوئی ہے۔ انتظامی حد عبور کرنے سے کسی کی شناخت ختم نہیں ہو جاتی۔ نیا صوبہ قائم کرنے سے کوئی نئی قومیت وجود میں نہیں آتی، جس طرح سرحد تبدیل ہونے سے پہلے سے موجود ثقافت مٹ نہیں جاتی۔

چھوٹی اور زیادہ مؤثر انتظامی اکائیاں شہریوں اور حکومت کے درمیان فاصلے کو کم کر سکتی ہیں اور حکومتی نظام کو عوام کی ضروریات کے لیے زیادہ جواب دہ بنا سکتی ہیں۔

اس فرق کو اس بحث کی رہنمائی کرنی چاہیے۔ اصل سوال یہ نہیں کہ آیا کسی موجودہ سرحد کو محض اپنی عمر کی وجہ سے ناقابلِ تبدیلی حیثیت حاصل ہوچکی ہے، بلکہ یہ ہے کہ آیا یہ سرحد اور اس کے گرد قائم انتظامی ڈھانچہ عوام کی مؤثر خدمت کر رہا ہے یا نہیں۔ کیا حکومت شہریوں تک زیادہ مؤثر انداز میں پہنچ سکتی ہے؟ کیا عوامی خدمات کو بہتر بنایا جا سکتا ہے؟ کیا منصوبہ بندی میں علاقائی جغرافیے اور معاشی حقائق کو مدنظر رکھا جا سکتا ہے؟ کیا کوئی نیا انتظامی ڈھانچہ قابلِ عمل، پائیدار اور متعلقہ عوام کی حمایت کا حامل ہوگا؟

اس بحث میں اس بات کا جائزہ بھی لیا جانا چاہیے کہ صوبوں کے اندر وسائل کس طرح تقسیم کیے جاتے ہیں۔ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت وفاقی وسائل ایک طے شدہ فارمولے کے مطابق صوبوں کو منتقل کیے جاتے ہیں۔ لیکن جب یہ رقم صوبائی حکومتوں تک پہنچ جاتی ہے تو اس کے بعد کیا ہوتا ہے؟ اضلاع کے لیے فنڈز کی تقسیم کا تعین کرنے والا شفاف طریقہ کار کیا ہے؟ کیا اس تقسیم میں آبادی، غربت، سماجی و معاشی اشاریوں، جغرافیائی صورتِ حال اور بنیادی ڈھانچے کی کمی کو مدنظر رکھا جاتا ہے یا اس کا زیادہ تر انحصار سیاسی صوابدید پر ہوتا ہے؟ یہ سوال اٹھانا جائز ہے کہ آیا بااثر حلقوں کو ترجیح دی جاتی ہے، جبکہ یکساں ضروریات رکھنے والے دیگر علاقوں کو مطلوبہ سہولتوں سے محروم رکھا جاتا ہے۔

یہی اصول صحت، تعلیم، زراعت، لائیو اسٹاک، پولیسنگ اور سول انتظامیہ پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ اختیارات اور وسائل وفاقی حکومت سے صوبائی دارالحکومتوں تک منتقل ہوجانے سے محض حقیقی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی (ڈیولوشن) کا عمل مکمل نہیں ہوجاتا۔ اگر اس کے فوائد اضلاع اور مقامی آبادیوں تک منصفانہ اور قابلِ بھروسا انداز میں نہیں پہنچتے تو اختیارات کی منتقلی کا عمل نامکمل رہتا ہے۔ ممکن ہے کہ مرکزیت کا نظام صرف اسلام آباد سے صوبائی دارالحکومتوں تک منتقل ہوجائے، جبکہ دور دراز اضلاع میں رہنے والے شہریوں کے تجربات اور حالات میں کوئی تبدیلی نہ آئے۔

یہ معاملہ بلوچستان کے لیے خاص طور پر اہم ہے، جہاں طویل فاصلے کوئٹہ سے دور رہنے والے لوگوں کے لیے صوبائی اداروں تک رسائی اور فیصلہ سازی کے عمل میں شرکت کو مشکل بنا دیتے ہیں۔ مسئلہ صرف جغرافیائی فاصلے کا نہیں، بلکہ یہ بھی ہے کہ آیا لوگوں کی بات سنی جاتی ہے اور کیا وہ اپنے اوپر اثر انداز ہونے والے فیصلوں میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ 2023 کی مردم شماری کے مطابق صوبے کی نصف سے زیادہ آبادی کی عمر 18 سال سے کم ہے۔ نوجوانوں کو عوامی زندگی میں شرکت اور تبدیلی کے امکانات کے درمیان ایک قابلِ اعتماد تعلق درکار ہے۔ جہاں یہ تعلق کمزور ہو، وہاں مایوسی اور احساسِ محرومی بڑھ سکتا ہے۔

آئین کا آرٹیکل 239(4) قرار دیتا ہے کہ کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی کرنے والی آئینی ترمیم صدرِ مملکت کی توثیق کے لیے اس وقت تک پیش نہیں کی جا سکتی جب تک اسے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی کل رکنیت کے کم از کم دو تہائی ارکان منظور نہ کرلیں۔ اس ترمیم کو آرٹیکل 239 کے تحت پارلیمنٹ سے بھی منظور کرانا ضروری ہے، جس میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل کرنا بھی شامل ہے۔

چھوٹی اور زیادہ جواب دہ انتظامی اکائیاں شہریوں اور حکومت کے درمیان فاصلے کو کم کر سکتی ہیں۔ ان کے نتیجے میں سیاسی وابستگی اور اختیار کا احساس بڑھ سکتا ہے، اداروں تک رسائی آسان ہوسکتی ہے اور فیصلے ان برادریوں کے قریب کیے جا سکتے ہیں جو ان سے متاثر ہوتی ہیں۔ عوام کو انتخابات، عوامی مشاورت اور اپنے نمائندوں اور انتظامیہ کا احتساب کرنے کی صلاحیت کے ذریعے ترقیاتی عمل پر اثر انداز ہونے کا موقع ملنا چاہیے۔ مختلف انتظامی اکائیاں عوامی خدمات بہتر بنانے، سرمایہ کاری راغب کرنے اور اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے تعمیری انداز میں ایک دوسرے سے مقابلہ بھی کر سکتی ہیں، بشرطیکہ اس مقابلے کو وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مؤثر نگرانی کی حمایت حاصل ہو۔

پاکستان کو نئے صوبوں کے سوال پر کھلے ذہن کے ساتھ غور کرنا چاہیے۔ ہر تجویز قابلِ عمل نہیں ہوگی اور صوبوں کا قیام ہی واحد حل نہیں ہے۔ مضبوط مقامی حکومتیں، مالیاتی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور انتظامی اصلاحات بھی اتنی ہی اہم ہیں۔ تاہم صرف اس وجہ سے نئے صوبوں کی تجویز مسترد نہیں کرنی چاہیے کہ موجودہ نقشہ ہمارے لیے مانوس ہے۔ 1947 کے بعد سے پاکستان کی آبادی، شہروں، معاشی مراکز اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں۔ ماضی کے پاکستان کے لیے تیار کیے گئے انتظامی ڈھانچوں کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جانا چاہیے۔

اس بحث کے لیے آئین میں ایک راستہ موجود ہے۔ آرٹیکل 239(4) قرار دیتا ہے کہ کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی کرنے والی آئینی ترمیم صدرِ مملکت کی توثیق کے لیے اس وقت تک پیش نہیں کی جا سکتی جب تک اسے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی کل رکنیت کے کم از کم دو تہائی ارکان منظور نہ کرلیں۔ اس ترمیم کو آرٹیکل 239 کے تحت پارلیمنٹ سے بھی منظور کرانا ضروری ہے، جس میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل کرنا بھی شامل ہے۔ لہٰذا تبدیلی کا عمل آئینی طریقہ کار، جمہوری رضامندی اور سیاسی اتفاقِ رائے کے ذریعے ہی آگے بڑھنا چاہیے۔ یہ بحث کی راہ میں رکاوٹ نہیں، بلکہ اس کے لیے ایک طے شدہ آئینی فریم ورک ہے۔

نئے صوبوں کی تجاویز کا جائزہ آبادی، جغرافیے، معاشی عملیت، مالیاتی پائیداری، انتظامی صلاحیت، عوامی خدمات کی فراہمی اور متعلقہ لوگوں کی خواہشات کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔ تاریخ اس بحث میں رہنمائی فراہم کر سکتی ہے، لیکن کسی سیاسی مؤقف کو درست ثابت کرنے کے لیے اسے چنیدہ انداز میں دوبارہ بیان نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی اسے آج کے نقشے کو منجمد رکھنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ سندھ، کراچی، بہاولپور، خیرپور، لسبیلہ اور ون یونٹ کی مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ پاکستان کا انتظامی جغرافیہ کبھی جامد نہیں رہا۔ انتظامی تنظیمِ نو کے لیے برادریوں کو اپنی شناخت سے دستبردار ہونے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

یہ قومی طرزِ حکمرانی کا سوال ہے، شناختوں کے درمیان مقابلے کا نہیں۔ ہم سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی تاریخوں کا احترام کرتے ہوئے یہ سوال اٹھا سکتے ہیں کہ آیا ان کے انتظامی ڈھانچے بدلتے ہوئے پاکستان کے انتظام کے لیے اب بھی سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔ ہم صوبائی اداروں کا احترام کرتے ہوئے اس حقیقت کو تسلیم کر سکتے ہیں کہ ان کی حدود ہمیشہ سے ایک جیسی نہیں رہی ہیں۔ اور ہم نئے صوبوں کے قیام پر غور کرتے ہوئے اس بات کو بھی تسلیم کر سکتے ہیں کہ صوبوں کے اندر مؤثر مقامی حکومتیں اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اسی اصلاحاتی ایجنڈے کا لازمی حصہ رہنی چاہیے۔

لسبیلہ کی تاریخ سے ملنے والا سبق یہ نہیں کہ وہ ہمیں ماضی کے کسی نقشے کی طرف واپس لوٹنے کا راستہ دکھاتی ہے، بلکہ یہ ہے کہ تاریخ ہمیں سیاسی شناخت اور انتظامی بندوبست کے درمیان فرق کرنا سکھاتی ہے۔ لسبیلہ کے قلات کے ساتھ تعلقات تبدیل ہوئے، کراچی کے ساتھ اس کے انتظامی تعلقات میں تبدیلی آئی، بلوچستان اسٹیٹس یونین قائم ہوئی اور بعد میں ختم کردی گئی، ون یونٹ بنایا گیا اور پھر اسے بھی ختم کردیا گیا، جبکہ پاکستان کے آئینی ڈھانچے کے اندر بلوچستان ایک صوبے کے طور پر وجود میں آیا۔ ان تبدیلیوں کے لیے ان علاقوں کے لوگوں کو اپنی تاریخ سے دستبردار ہونے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

پاکستان ماضی میں بھی اپنے انتظامی ڈھانچے کی حدود تبدیل کرچکا ہے اور مناسب آئینی طریقہ کار کے ذریعے آئندہ بھی ایسا کرسکتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا اس تبدیلی پر دانش مندی کے ساتھ غور کیا جا سکتا ہے، جس کے مرکز میں شہریوں کے مفادات ہوں۔ اگر کوئی مختلف انتظامی بندوبست حکومت کو عوام کے قریب لاتا ہے، نمائندگی اور عوامی خدمات کو بہتر بناتا ہے اور متوازن ترقی کو ممکن بناتا ہے تو اس کی افادیت کی بنیاد پر اس پر غور کیا جانا چاہیے۔

ہماری تاریخ ہم سے یہ تقاضا کرتی ہے کہ ہم سمجھیں کہ ہماری موجودہ حدود کہاں سے وجود میں آئیں، جبکہ آنے والی نسلوں کے لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم یہ سوال اٹھائیں کہ آیا یہ حدود اب بھی ان کے مفادات پورے کر رہی ہیں۔ ہمیں ورثے میں ملنے والا نقشہ ہماری تاریخ کا حصہ ہے، لیکن اسے ہماری سوچ اور تخیل کی حدود نہیں بننا چاہیے۔


یہ مضمون ضروری نہیں کہ بزنس ریکارڈر یا اس کے مالکان کی رائے کی عکاسی کرتا ہو۔

Comments

200 حروف