بلوچستان، سوئی میں 895 ملین ڈالر کے کھاد کمپلیکس کی منظوری
- یہ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبہ ہے، حکام
بلوچستان نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 895 ملین ڈالر مالیت کے یوریا کھاد کمپلیکس کی منظوری دے دی ہے۔ حکام کے مطابق یہ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبہ ہے۔
بیان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) بورڈ کے دسویں اجلاس میں ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں مقامی کم حرارتی قدر (لو بی ٹی یو) کی قدرتی گیس استعمال کرتے ہوئے 895 ملین ڈالر مالیت کا یوریا کھاد کمپلیکس قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔
اتھارٹی کے مطابق اس کمپلیکس میں سالانہ 5 لاکھ 80 ہزار 800 میٹرک ٹن یوریا کھاد تیار کرنے کی گنجائش ہوگی۔
اس منصوبے میں یومیہ 100 ملین مکعب فٹ معیاری قدرتی گیس استعمال کی جائے گی اور یہ سوئی میں 496 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔ کمپلیکس میں پیداوار کا آغاز اپریل 2031 میں متوقع ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس منصوبے کی نیٹ پریزنٹ ویلیو 301 ملین ڈالر، ایکویٹی پر اندرونی شرح منافع 25.1 فیصد اور سرمایہ کاری کی واپسی کی مدت 9 سال ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے ملک میں کھاد کی مقامی پیداوار مستحکم ہوگی، زرعی پیداوار میں اضافے، صنعتی ترقی کے فروغ اور صوبے میں معاشی مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
بیان کے مطابق اس منظوری سے حکومت بلوچستان کے پائیدار معاشی ترقی کے فروغ، بڑے پیمانے پر نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور بنیادی ڈھانچے و صنعتی منصوبوں میں انقلابی تبدیلی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے استفادے کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ غیر استعمال شدہ صلاحیتوں سے نتیجہ خیز شراکت داری تک بلوچستان صنعتی اور معاشی ترقی کے ایک نئے دور کی جانب گامزن ہے۔


Comments