بنگلہ دیش نے بدھ کو ملک بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے سینکڑوں نیم فوجی اہلکار تعینات کردیے ہیں۔ یہ اقدام سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی متوقع واپسی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے جس کے باعث ملک میں جھڑپیں، بم دھماکے اور آتشزدگی کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ان واقعات کا الزام شیخ حسینہ کی پابندی عائد کردہ جماعت کے حامیوں پر عائد کیا جارہا ہے۔
شیخ حسینہ جو اگست 2024 میں اپنے استعفے کے مطالبے پر ہونے والے پُرتشدد احتجاج کے بعد ڈھاکہ سے فرار ہو کر پڑوسی ملک بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں نے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دسمبر میں وطن واپس آنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
تاہم حکومت نے اب تک ان کی درخواست مسترد کردی جس کے نتیجے میں ان کی جماعت عوامی لیگ کے ارکان اور حامیوں نے احتجاجاً سڑکوں پر نکل کر مظاہرے شروع کردیے ہیں۔
گزشتہ ہفتے جماعت نے شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے حق میں حمایت متحرک کرنے کے لیے ایک ہفتے پر مشتمل احتجاجی پروگرام اور ریلیوں کا اعلان کیا تھا جس کا اختتام 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن پر ہونا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق پولیس نے گزشتہ 10 روز کے دوران کم از کم 28 اضلاع میں درجنوں دیسی ساختہ بم دھماکوں اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کیے جانے کے واقعات ریکارڈ کیے ہیں جن میں متعدد پولیس اہلکار اور عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔


Comments