ویلنگٹن میں پہلے ٹیسٹ کے لیے نیوزی لینڈ اور بھارت کا انحصار فاسٹ بولرز پر ہوگا
- نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میٹ ہنری، جیکب ڈفی، نیتھن اسمتھ اور ٹیم میں واپس آنے والے کائل جیمیسن بولنگ اٹیک کی قیادت کریں گے
نیوزی لینڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ ٹام لیتھم کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ سات ہفتوں کے دوران چھ میچوں پر مشتمل مصروف شیڈول کا آغاز کرے گی۔
بھارتی ٹیم بھی کپتان شبمن گل کی قیادت میں جمعرات سے شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں چار فاسٹ بولرز کھلائے گی۔ ویلنگٹن کے بیسن ریزرو گراؤنڈ کی پچ فاسٹ بولرز کے لیے سازگار رہنے کی توقع ہے۔
ٹام لیتھم نے صحافیوں کو بتایا کہ میٹ ہنری، جیکب ڈفی، نیتھن اسمتھ اور ٹیم میں واپس آنے والے کائل جیمیسن نیوزی لینڈ کے بولنگ اٹیک کی قیادت کریں گے۔
دونوں ٹیمیں 2024 میں نیوزی لینڈ کی بھارت میں تاریخی 0-3 ٹیسٹ سیریز فتح کے بعد پہلی مرتبہ ریڈ بال کرکٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔
بھارتی کپتان شبمن گل نے کہا کہ بہترین بولرز میں سے کسی ایک کو ٹیم سے باہر رکھنے کا فیصلہ ایک خوشگوار مشکل ہے۔ ان کے مطابق تمام فاسٹ بولرز نے ون ڈے سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور حتمی ٹیم کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔
جسپریت بمراہ کی بولنگ اٹیک کی قیادت تقریباً یقینی ہے۔ وہ تقریباً ایک سال بعد اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ بمراہ نے کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ اے کے خلاف بھارت اے کی جانب سے وارم اپ میچ میں چھ اوورز کرائے، تاہم بارش کے باعث انہیں کوئی وکٹ نہ مل سکی۔
ٹام لیتھم نے کہا کہ مقامی پچوں پر بمراہ کا سامنا کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔


Comments