وفاقی وزیر خزانہ کی بینکوں کو ترجیحی شعبوں کے لیے قرضوں کی فراہمی بڑھانے کی ہدایت
- اجلاس میں معاشی ترقی کے فروغ، سرمایہ کاری متحرک کرنے اور ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی بڑھانے میں بینکاری شعبے کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بینکوں پر زور دیا ہے کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز)، زراعت، رہائشی منصوبوں اور الیکٹرک گاڑیوں کے شعبوں کے لیے مالی معاونت میں اضافہ کریں۔
پیر کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ بات وزیر خزانہ اور حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ناصر سلیم کی سربراہی میں بینک کے وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی۔
اجلاس میں معاشی ترقی کے فروغ، سرمایہ کاری کو متحرک کرنے اور ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی بڑھانے میں بینکاری شعبے کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد اورنگزیب، جو ماضی میں ایچ بی ایل کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں، نے پاکستان کے مالیاتی شعبے کی معاونت اور بینکاری خدمات کی ترقی میں بینک کے مسلسل کردار کو سراہا۔
انہوں نے کاروباری لین دین کو آسان بنانے اور مالیاتی سہولیات تک رسائی بڑھانے میں مضبوط بینکاری نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بینک کاروباری اداروں اور افراد کو مختلف مالیاتی خدمات فراہم کرکے معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
وزیر خزانہ نے ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت، رہائش اور پاکستان ایکسلریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن (پی اے وی ای) اسکیم کے تحت مالی معاونت تک رسائی بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی۔
انہوں نے پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے مالی وسائل متحرک کرنے اور مالیاتی شمولیت کا دائرہ وسیع کرنے میں بینکوں کے کردار پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی مزید ترقی کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ایچ بی ایل کے وفد نے بینک کی بین الاقوامی سطح پر رسائی سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا اور بیرون ملک مارکیٹوں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے) 2.0 سے متعلق اپنا نقطۂ نظر بھی پیش کیا اور اس کی توسیع شدہ سہولیات پر ملنے والے حوصلہ افزا ردعمل اور اس میں مزید لوگوں کی شمولیت کے امکانات کو اجاگر کیا۔
وزیر خزانہ نے قابلِ عمل سرمایہ کاری منصوبوں کی معاونت اور طویل مدتی سرمائے کے متقاضی شعبوں میں نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لیے موزوں مالیاتی ڈھانچے تشکیل دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں پاکستان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام بنانے اور بین الاقوامی کاروباری روابط کے فروغ کے لیے حکومت اور ایچ بی ایل کے درمیان تعاون مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط بڑھانے، کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے بینکاری شعبے کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی اہمیت اجاگر کی۔
انہوں نے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے، کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے بینکاری شعبے کے ساتھ مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔


Comments