فیسکو کا مجاز شیئر کیپٹل 50 ارب سے بڑھا کر 100 ارب روپے کرنے کی تجویز
- اس اقدام کا مقصد مستقبل میں سرمایہ بڑھانے اور نئے شیئرز کے اجرا کے لیے اضافی گنجائش فراہم کرنا ہے۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے مجوزہ نجکاری کے پیش نظر اپنا مجاز شیئر کیپٹل 50 ارب روپے سے بڑھا کر 100 ارب روپے کرنے کی تجویز پیش کردی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مستقبل میں سرمایہ بڑھانے اور نئے شیئرز کے اجرا کے لیے اضافی گنجائش فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کی جانب سے شیئر ہولڈرز کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے سیکشن 134(3) کے تحت جاری کردہ اہم حقائق کے بیان کے مطابق مجاز سرمائے میں 10 روپے مالیت کے 5 ارب اضافی عام شیئرز شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس طرح فیسکو کا مجاز شیئر کیپٹل 5 ارب عام شیئرز سے بڑھ کر 10 ارب شیئرز ہوجائے گا، جن کی مجموعی مالیت 100 ارب روپے ہوگی۔ کمپنی نے اس تجویز کی منظوری کے لیے اسے جنرل اجلاس میں شیئر ہولڈرز کے سامنے پیش کیا ہے، جبکہ میمورنڈم آف ایسوسی ایشن کی شق پنجم میں بھی متعلقہ ترمیم تجویز کی گئی ہے۔
یہ پیش رفت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری (سی سی او پی) کی جانب سے بیچ ون کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی مجوزہ نجکاری کے لیے تنظیم نو اور انتظامی منصوبے سے متعلق ہدایات کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس سلسلے میں وزارت نجکاری نے 25 ستمبر 2026 کو متعلقہ حکومتی فیصلوں اور ہدایات سے کمپنی کو آگاہ کیا تھا۔
فیسکو کے مطابق مجاز سرمائے میں اضافے کا مقصد مستقبل کی سرمایہ کاری کی ضروریات پوری کرنے کے لیے گنجائش پیدا کرنا ہے، تاہم اس سے فوری طور پر نئے شیئرز جاری یا الاٹ نہیں ہوں گے اور نہ ہی کمپنی کا جاری شدہ یا ادا شدہ سرمایہ خودبخود بڑھے گا۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ مستقبل میں شیئرز کے اجرا یا موجودہ ڈپازٹس کو ادا شدہ سرمائے میں تبدیل کرنے کے لیے الگ سے قانونی، کارپوریٹ اور ریگولیٹری منظوری درکار ہوگی۔
فیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قانونی تقاضے پورے کرنے سے مشروط اس تجویز کی منظوری کی سفارش کی ہے۔ بیچ ون کی مجوزہ نجکاری میں فیسکو کے علاوہ گیپکو اور آئیسکو بھی شامل ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments