پی ٹی اے کی ایک شناختی کارڈ پر وائس سمز کی حد 5 سے کم کرکے 3 کرنے پر غور
- پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سائبر جرائم میں متعدد وائس سمز کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے موجودہ حد کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ایک قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) پر جاری کی جانے والی موبائل فون وائس سمز کی زیادہ سے زیادہ تعداد پانچ سے کم کرکے تین کرنے پر غور کر رہی ہے، جبکہ 5G سروسز کے آغاز کے بعد بالخصوص رابطے کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیٹا سمز کی مقررہ حد میں اضافے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق متعدد وائس سمز کے سائبر جرائم اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں غلط استعمال کی روک تھام کے لیے سمز کے اجرا کی موجودہ حدود پر نظرثانی کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موبائل فون استعمال کرنے والا ایک عام صارف بیک وقت عموماً دو سے تین وائس سمز استعمال کرتا ہے، اس لیے ایک شناختی کارڈ پر پانچ وائس سمز جاری کرنے کی موجودہ حد نسبتاً زیادہ ہے۔ ان کے بقول، زیادہ تعداد میں وائس سمز کے اجرا سے ان کے غلط استعمال کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
پی ٹی اے ایک شناختی کارڈ پر جاری کی جانے والی ڈیٹا سمز کی موجودہ حد تین سے بڑھانے پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ ڈیٹا کنیکٹیویٹی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق 5G سروسز کے پھیلاؤ اور انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) ایپلی کیشنز کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر ڈیٹا سمز کی زیادہ تعداد درکار ہوگی، جس کے لیے موجودہ ریگولیٹری فریم ورک پر نظرثانی ضروری ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ مجوزہ تبدیلیوں کو موبائل فون آپریٹرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔
موجودہ نظام کے تحت ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ آٹھ سمز جاری کی جا سکتی ہیں، جن میں پانچ وائس سمز اور تین ڈیٹا سمز شامل ہیں۔
تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام شعبے کی بدلتی ضروریات، سکیورٹی تقاضوں اور 5G سے منسلک خدمات کے متوقع پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ حدود کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا۔


Comments