امریکی حکام نے جمعہ کو بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ایک ایسی کاروباری خاتون کے معاملے پر بات چیت متوقع نہیں جس کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) این ویڈیا جینسن ہوانگ کے ساتھ روابط نے قومی سلامتی سے متعلق خدشات کو جنم دیا تھا۔
ٹرمپ آئندہ ہفتے چین کے شہر شینزن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن فورم کے موقع پر شی جن پنگ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ یہ ملاقات ان کے چار روزہ دورۂ ایشیا کا حصہ ہوگی۔
یہ ملاقات جمعرات کو جینسن ہوانگ کے این ویڈیا کے سی ای او کے عہدے سے مستعفی ہونے کے چند روز بعد ہوگی جس کے ساتھ ہی چِپ سازی کی صنعت کی بلندیوں سے ان کے غیر معمولی زوال کا ایک باب مکمل ہوگیا۔
اگرچہ سیمی کنڈکٹرز امریکہ اور چین کے تعلقات میں کشیدگی کا ایک بڑا سبب رہے ہیں، تاہم حکام کے مطابق فی الحال امریکی صدر کی جانب سے شی جن پنگ کے ساتھ اس تازہ معاملے کو اٹھائے جانے کا امکان نہیں ہے۔ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق بعض معاملات، امریکا میں جاری جائزوں اور تحقیقات کے حوالے سے، غالباً یہ ایسا معاملہ نہیں جس سے ہم اس وقت چینی قیادت کو آگاہ کرنا چاہیں گے۔
امریکی انتظامیہ کے ایک دوسرے عہدیدار نے مزید کہا کہ مجھے توقع نہیں کہ صدر ٹرمپ اس معاملے، یعنی ایلس ہوانگ کے معاملے کو اٹھائیں گے۔
حکام ایک صحافی کے اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا ٹرمپ شی جن پنگ کے ساتھ ایلس ہوانگ سے متعلق الزامات کا معاملہ اٹھائیں گے۔
منگل کو این ویڈیا کے بورڈ کے آزاد ارکان نے بتایا کہ انہوں نے جینسن ہوانگ اور کاروباری خاتون ایلس ہوانگ کے تعلقات سے متعلق نیویارک ٹائمز اور وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹس کے بعد ایک آزادانہ تحقیقات کے لیے وال اسٹریٹ کی قانونی فرم واچٹیل، لپٹن، روزن اینڈ کاٹز کی خدمات حاصل کی ہیں۔ ان رپورٹس میں امریکی حکام کے اس شبہے کا بھی ذکر کیا گیا تھا کہ ایلس ہوانگ چین کے لیے جاسوسی کررہی تھیں۔
بیجنگ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ایلس ہوانگ جاسوس ہیں۔
ایلس ہوانگ سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ رائٹرز نے آزادانہ طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا ایلس ہوانگ چینی حکومت کی جانب سے کام کررہی تھیں۔
امریکی محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ وہ ایلس ہوانگ کے چینی حکومت سے تعلق کے بارے میں ابھی تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا۔
جینسن ہوانگ نے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کرنے اور کمپنی کو مایوس کرنے پر معذرت کی۔
تاہم، ان کے بیان میں ایلس ہوانگ کا نام واضح طور پر نہیں لیا گیا، جو این ویڈیا کی صارف کمپنی میگاسپیڈ انٹرنیشنل کی سابق اعلیٰ عہدیدار رہ چکی ہیں۔
دونوں کے درمیان کوئی خاندانی رشتہ نہیں ہے۔


Comments