وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں منعقدہ کوپ 31 میں شرکت کے دوران پاکستان میں شمسی توانائی کے فروغ کو اجاگر کیا جو قابلِ تجدید توانائی پر بڑھتے ہوئے انحصار کا عکاس ہے۔ قابلِ تجدید توانائی کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی اور یوں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو محدود کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے فخریہ انداز میں کہا کہ صرف دو سال کے عرصے میں پاکستان میں گھروں کی چھتوں پر شمسی توانائی کی پیداواری صلاحیت میں تقریباً 22 گیگاواٹ کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ عام شہریوں کی جانب سے سستی بجلی اور زیادہ صاف ستھرے اور قابلِ بھروسا مستقبل کے حصول کے لیے برپا ہونے والا ایک خاموش انقلاب ہے۔ ممکن ہے کہ وزیراعظم کا یہ دعویٰ کانفرنس میں کم کاربن اخراج والے مستقبل کی جانب منتقلی پر دی جانے والی توجہ کے تناظر میں سامنے آیا ہو۔
تاہم اس حوالے سے دو تشویشناک پہلوؤں کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ سابقہ حکومتوں نے بجلی کی پیداوار کے آزاد اداروں (آئی پی پیز) کے ساتھ جو معاہدے کیے تھے وہ ٹیک اینڈ پے کی بنیاد پر ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ بجلی حقیقتاً خریدی جائے یا نہ خریدی جائے، حکومت معاہدے کے تحت پیداواری صلاحیت کے واجبات ادا کرنے کی پابند ہے اور یہ ادائیگیاں بھی امریکی ڈالر میں کرنا ہوتی ہیں۔ اگرچہ 2019ء کے بعد آنے والی حکومتوں نے انٹیلی جنس اداروں کی معاونت سے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی اور دوبارہ مذاکرات کیے، تاہم یہ کوششیں صرف مقامی آئی پی پیز کی حد تک کامیاب رہیں، غیر ملکی شہریوں کے زیرانتظام اداروں کے ساتھ ایسا نہیں ہوسکا۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت 2016ء میں کیے گئے آئی پی پیز کے تقریباً 17 معاہدے اب بھی مذاکرات کے دائرے سے باہر ہیں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے ان معاہدوں پر نظرثانی کے لیے بارہا درخواستیں بھی بے نتیجہ رہی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ معاہدوں پر دوبارہ مذاکرات کرنا چین کی پالیسی نہیں ہے۔ چنانچہ شمسی توانائی کے فروغ کے نتیجے میں پیداواری صلاحیت کے واجبات میں مزید اضافہ ہوا جن کی ادائیگی حکومت معاہدوں کے مطابق کرنے سے قاصر رہی ہے۔ اس وقت چینی آئی پی پیز کے تقریباً 500 ارب روپے واجب الادا ہیں جن میں تاخیر سے ادائیگی پر عائد سرچارجز کی مد میں اندازاً 170 ارب روپے بھی شامل ہیں۔
دوسرا اہم پہلو یہ ہے کہ ابتدا میں حکومت نے شمسی توانائی کے نظام کی خریداری کیلئے مراعات فراہم کیں جن سے زیادہ تر امیر اور متوسط آمدنی والے طبقے نے فائدہ اٹھایا۔ اس کے برعکس، بجلی کے قومی گرڈ سے منسلک رہ جانے والے صارفین میں زیادہ تر نچلے متوسط اور کم آمدنی والے طبقات شامل ہیں، جن کے بجلی کے بل جاری بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام میں طے شدہ لاگت کی مکمل وصولی کے ہدف کے تحت بڑھا دیے گئے ہیں۔ اس صورت حال کے باعث حکومتی پالیسی پر نظرثانی ناگزیر ہوگئی، جس کے نتیجے میں شمسی توانائی کے نظام نصب کرنے اور چلانے کی مجموعی لاگت اور سرمایہ کاری کی واپسی کی مدت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کا خاص طور پر اطلاق نیٹ میٹرنگ کے تحت اضافی بجلی کی خریداری کی شرح میں تبدیلی اور ریگولیٹری فیسوں پر ہوتا ہے۔
بلاشبہ حکومت نے شمسی توانائی کے فروغ کی حمایت اس لیے ضروری سمجھی کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ عالمی سطح پر کاربن کے مجموعی اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر، یعنی تقریباً 0.8 فیصد ہے، اس کے باوجود وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 سے 15 ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ مندرجہ بالا صورت حال سے واضح ہوتا ہے کہ شمسی توانائی سے متعلق پالیسی کا فیصلہ ممکنہ طور پر عجلت اور وقتی بنیادوں پر کیا گیا جس میں بجلی کی موجودہ پیداواری صلاحیت اور نظام کا جامع جائزہ نہیں لیا گیا۔ امید ہے کہ آئندہ پالیسیاں متعلقہ شعبے کے ماہرین تیار کریں گے اور ان میں پہلے سے موجود معاہدوں کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
شہباز شریف نے حکومت کی آٹو پالیسی کو بھی اجاگر کیا اور عزم ظاہر کیا کہ 2030ء تک ملک کی مجموعی گاڑیوں میں سے 30 فیصد برقی گاڑیاں ہوں گی، جبکہ اس ہدف کے حصول کے لیے اب صرف چار سال باقی ہیں۔ تاہم، اب تک ان گاڑیوں کو چارج کرنے کے لیے درکار بنیادی ڈھانچہ بھی قائم نہیں ہوسکا۔ مزید یہ کہ پاکستان میں بجلی کے نرخ خطے کے بلند ترین نرخوں میں شامل ہیں جس پر پیداواری شعبے مسلسل شکایت کرتے رہے ہیں، کیونکہ مہنگی بجلی ان کی مصنوعات کو عالمی منڈی میں غیر مسابقتی بنا دیتی ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ بھی تاحال ختم نہیں ہوسکا۔
بلاشبہ پاکستان کو حالیہ برسوں کے دوران سیلاب سے ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ان نقصانات کا تخمینہ دسیوں ارب ڈالر لگایا گیا جبکہ ایک ہی سال میں 3 کروڑ سے زائد پاکستانی بے گھر ہوئے اور انہیں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنا پڑی۔ قابلِ تجدید توانائی کی جانب پیشرفت کی بھرپور حمایت کی جاتی ہے، تاہم جیسا کہ پہلے بھی ذکر کیا گیا، اس کے فوائد کو عوام اور سرکاری خزانے دونوں تک پہنچانے کے لیے توانائی کے پورے شعبے کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع حکمتِ عملی اپنانا ضروری ہے۔


Comments