وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر کے درمیان تجارت، دفاع اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
- رجب طیب اردوان نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں ثالثی کی پاکستانی کوششوں کا خیرمقدم کیا
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی (یو این ایف سی سی سی) کے تحت کوپ 31 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔
دوطرفہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت و سرمایہ کاری، دفاع، توانائی اور رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے جاری منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے اور اقتصادی روابط کو مزید گہرا بنانے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اور وسیع تر عالمی پیش رفت پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے علاقائی ممالک، بالخصوص مکہ معاہدے کے ارکان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔
صدر اردوان نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچنے میں پاکستان کے تعمیری کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے دوران مسلسل حمایت اور قریبی رابطہ کاری پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے وسیع تر خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے قیام کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقوں کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے بنیادی قومی مفادات کے معاملات پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دیرینہ دوستی اور امن و خوشحالی کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Comments