وزیراعظم کی ترکیہ میں کوپ 31 سربراہی اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں
- شہباز شریف جلد اجلاس سے خطاب کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ پاکستان اس موقع پر موسمیاتی انصاف کے ایجنڈے اور صاف توانائی کی جانب منتقلی کے عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزیراعظم آفس (پی ایم او) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس کے مقام پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
شہباز شریف نے دیگر عالمی رہنماؤں کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا، جس کے بعد انہوں نے اجلاس میں شریک متعدد اہم شخصیات سے خیرسگالی کا تبادلہ کیا۔
جن رہنماؤں سے وزیراعظم کی ملاقات ہوئی، ان میں سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان السعود، بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد، فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ اور شام کے صدر احمد الشرع شامل تھے۔
دیگر اہم شخصیات میں ترکیہ کی خاتون اول امینہ اردوان، سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل بن احمد الجبیر اور عالمی بینک کے صدر اجے بانگا بھی شامل تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف بدھ کے روز ’’2035 تک صاف توانائی کی جانب منتقلی: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘‘ کے موضوع پر سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
توقع ہے کہ اپنے خطاب میں وہ موسمیاتی انصاف کے معاملے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کے خدشات کو اجاگر کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی ترک صدر رجب طیب اردوان اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی طے ہیں، جن میں موسمیاتی چیلنجز، صاف توانائی کے شعبے میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم کوپ 31 کے رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ صاف توانائی کی جانب منتقلی پر تبادلہ خیال کے لیے منگل کو انطالیہ پہنچے تھے۔
ترکیہ اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی (یو این ایف سی سی سی) کی 31ویں کانفرنس (کوپ 31) کی میزبانی بحیرہ روم کے ساحلی شہر انطالیہ میں کر رہا ہے۔
پاکستان نے بھی کانفرنس کے مقام پر اپنا پویلین قائم کیا ہے، جہاں ملک کی موسمیاتی ترجیحات اور اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف موضوعات پر مشتمل 54 تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق پاکستان کی سابقہ موسمیاتی سفارت کاری نے کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس فنڈ کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے متاثرہ ممالک کی معاونت کرنا ہے۔


Comments