تربیلا ٹی 5 منصوبے میں پہاڑی تودہ گرنے سے سرنگ میں پانی داخل، تعمیراتی کام روک دیا گیا
- تمام ملکی و غیر ملکی عملہ محفوظ مقام پر منتقل، واپڈا کی جانب سے سرنگ منہدم ہونے کی خبروں کی تردید
تربیلا پنجم توسیعی (ٹی 5) پن بجلی منصوبے کی سرنگ نمبر 5 میں پانی داخل ہونے کے بعد پیر کو تعمیراتی کام معطل کر دیا گیا، جبکہ تمام پاکستانی اور غیر ملکی عملے کو بحفاظت باہر منتقل کر دیا گیا۔
آج نیوز کے مطابق منصوبے کے حفاظتی پشتے میں شگاف پڑنے سے بڑی مقدار میں پانی سرنگ میں داخل ہوا۔
ہری پور کے ڈپٹی کمشنر وسیم احمد نے ریسکیو اور انتظامی ٹیموں کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور سرنگ میں پانی داخل ہونے کی تصدیق کی۔ پانی کے تیز بہاؤ میں ایک پاکستانی کارکن بہہ گیا، تاہم ریسکیو ٹیموں نے اسے بچا لیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واپڈا نے سرنگ منہدم ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ سرنگ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی سرنگ اور پاور ہاؤس کے علاقے میں داخل ہوا۔
واپڈا کے مطابق انٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے، جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔ تعمیراتی مقامات میں مزید پانی داخل نہیں ہو رہا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ مرکزی سرنگ، پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو نقصان نہیں پہنچا۔ واپڈا کے اعلیٰ حکام، منصوبے کے مشیر اور ٹھیکیدار جائے وقوعہ پر حفاظتی اقدامات اور آئندہ لائحہ عمل کا جائزہ لے رہے ہیں۔
واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ اعلیٰ سطح کی کمیٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ حادثہ ساختی کمزوری یا تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ تحقیقات کی روشنی میں تعمیراتی کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
ٹی 5 منصوبے سے 510 میگاواٹ کے تین یونٹس کے ذریعے مجموعی طور پر 1,530 میگاواٹ بجلی قومی نظام میں شامل ہوگی، جس سے تربیلا ڈیم کی پیداواری صلاحیت 4,888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6,418 میگاواٹ ہو جائے گی۔ منصوبے سے سالانہ اوسطاً ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
منصوبے کی منظور شدہ لاگت 807 ملین ڈالر ہے، جس میں عالمی بینک 390 ملین ڈالر اور ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک 300 ملین ڈالر فراہم کر رہے ہیں۔ واپڈا نے مئی 2021 میں سول ورکس کا 354.6 ملین ڈالر کا ٹھیکہ چین کی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن کو دیا تھا۔
منصوبہ پہلے ہی تاخیر کا شکار ہے اور اس کی تکمیل کی آخری تاریخ ستمبر 2027 مقرر کی گئی ہے۔ 2024 میں سرنگ بند کرنے کے لیے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) سے این او سی کے حصول میں مشکلات پیش آئی تھیں، جبکہ اگست 2025 میں بھی تعمیراتی کام کچھ عرصے کے لیے روک دیا گیا تھا۔


Comments