پاکستان اور سوڈان کے درمیان ویزا فری انٹری کا معاہدہ طے پا گیا
- معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل باباکر سامرا مصطفیٰ علی نے ہفتے کے روز دستخط کیے
پاکستان اور سوڈان نے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا فری انٹری کا معاہدہ طے کر لیا ہے۔
معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل باباکر سامرا مصطفیٰ علی نے ہفتے کے روز دستخط کیے۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اس معاہدے کو دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس معاہدے سے اعلیٰ سطحی روابط اور سرکاری وفود کے تبادلوں میں آسانی ہوگی اور دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ سوڈانی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
اس سے قبل سوڈانی وزیر داخلہ نے محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔ مذاکرات میں سیکیورٹی، داخلہ امور، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ، نادرا اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سوڈان نے سائبر کرائم سے نمٹنے میں پاکستان کے تجربے سے استفادہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ نادرا کی معاونت سے سوڈان میں 36 ملین شہریت کارڈ، 9 ملین شناختی کارڈ، 18 ملین پیدائش اور 5 لاکھ اموات کے سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔ انہوں نے سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت بھی دی اور کہا کہ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو تربیت اور شہریوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments