دیگر خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی اور ذخائر بڑھنے کے خدشات، پام آئل ایک فیصد سے زائد سستا
- پام آئل کے بینچ مارک کنٹریکٹ کی قیمت 76 رنگٹ، یعنی 1.62 فیصد کمی کے بعد 4,609 رنگٹ فی میٹرک ٹن رہ گئی
ملائیشین پام آئل کے فیوچرز کی قیمتوں میں جمعرات کو ایک فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی جس کے ساتھ مسلسل چوتھے سیشن میں بھی مندی کا سلسلہ جاری رہا۔ دیگر خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمزوری اور اکتوبر میں ذخائر بڑھنے کے خدشات نے مارکیٹ پر دباؤ ڈالا۔
برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں جنوری میں ترسیل کے لیے پام آئل کے بینچ مارک کنٹریکٹ کی قیمت دوپہر کے وقفے تک 76 رنگٹ، یعنی 1.62 فیصد کمی کے بعد 4,609 رنگٹ (1,131.32 ڈالر) فی میٹرک ٹن رہ گئی۔
کوالالمپور میں مقیم ایک تاجر نے بتایا کہ ملائیشیا کے خام پام آئل پر عائد برآمدی ٹیکس ختم کرنے کے حوالے سے کسی اعلان کی عدم موجودگی میں، دیگر تیل دار بیجوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی۔
تاجر نے مزید کہا کہ مارکیٹ کے شرکا اکتوبر میں پام آئل کے اختتامی ذخائر میں ممکنہ اضافے کے خدشات کے باعث بھی محتاط ہیں، کیونکہ قریبی مدت میں پیداوار بڑھنے کے اشارے مل رہے ہیں۔
ڈالیان مارکیٹ میں سویابین آئل کے سب سے زیادہ فعال کنٹریکٹ کی قیمت میں 0.41 فیصد کمی ہوئی جبکہ پام آئل کا کنٹریکٹ 1.89 فیصد گر گیا۔ شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویابین آئل کی قیمت بھی 1.14 فیصد نیچے آگئی۔
پام آئل کی قیمتوں میں دیگر خوردنی تیلوں کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کا اثر پڑتا ہے کیونکہ عالمی سبزیوں کے تیل کی مارکیٹ میں ان تیلوں کے درمیان مسابقت رہتی ہے۔
تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی اور ایک روز قبل ہونے والے اضافے کا کچھ حصہ ختم ہوگیا۔ اس کی وجہ امن مذاکرات کی امیدیں تھیں جنہوں نے خطے میں بڑھتے تنازع کے باعث مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی فراہمی میں ممکنہ رکاوٹوں کے نئے خدشات کی شدت کم کردی۔
خام تیل کے فیوچرز کی قیمتوں میں کمی سے پام آئل بائیو ڈیزل کی تیاری کے خام مال کے طور پر کم پُرکشش ہوجاتا ہے۔
پام آئل کی تجارت میں استعمال ہونے والی کرنسی ملائیشین رنگٹ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 0.29 فیصد مضبوط ہوئی جس سے غیر ملکی کرنسی رکھنے والے خریداروں کے لیے یہ اجناس مزید مہنگی ہوگئی۔


Comments