امریکی فیڈ کے فیصلے پر نظریں، سونے کی قیمتوں میں اضافہ
- اسپاٹ قیمت 0.4 فیصد اضافے کے بعد 4,009.87 ڈالر فی اونس ہوگئی
عالمی مارکیٹ میں پیر کو سونے کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی وجہ تیل کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کے خدشات میں کمی ہے، جبکہ سرمایہ کار رواں ہفتے امریکی فیڈرل ریزرو کے مانیٹری پالیسی فیصلے کے منتظر ہیں۔
اسپاٹ قیمت 0.4 فیصد اضافے کے بعد 4,009.87 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ گزشتہ سیشن میں قیمت جولائی کے وسط کے بعد کم ترین سطح پر آگئی تھی۔
جمعے کو سونے کی قیمت میں ہفتہ وار بنیاد پر 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو جون کے بعد سب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ تھی۔ امریکا میں دسمبر میں فراہمی کے لیے سونے کے فیوچرز بھی 0.4 فیصد اضافے سے 4,023.50 ڈالر فی اونس ہوگئے۔
تجزیہ کار کائل روڈا کے مطابق، قیمتوں میں حالیہ اضافہ زیادہ تر تیل کی کم قیمتوں سے ملنے والے ریلیف کا نتیجہ ہے، تاہم فیڈرل اوپن مارکیٹ کمیٹی کے آئندہ فیصلے سے پہلے مارکیٹ کی پوزیشننگ اس اضافے کو محدود کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق سونے کی قیمتوں کا انحصار شرحِ سود سے متعلق توقعات اور جغرافیائی سیاسی خطرات پر رہے گا۔
تیل کی قیمتیں گزشتہ ہفتے چھ ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچنے کے بعد پیر کو گر گئیں، تاہم سعودی عرب پر مسلسل حملوں کے باعث رسد سے متعلق خدشات برقرار ہیں۔ قطر کے ثالث علاقائی کشیدگی کم کرنے کے لیے اتوار کو تہران میں موجود تھے۔
امریکی فیڈرل ریزرو کا اجلاس 28 اکتوبر کو ہوگا، جبکہ مہنگائی کا اہم پیمانہ ذاتی کھپت کے اخراجات (پی سی ای) کے اعداد و شمار اگلے روز جاری کیے جائیں گے۔ دیگر دھاتوں میں چاندی 0.6 فیصد اضافے سے 54.19 ڈالر، پلاٹینم 1,551.31 ڈالر پر مستحکم، جبکہ پیلیڈیم 0.6 فیصد اضافے سے 1,050.50 ڈالر فی اونس ہوگیا۔


Comments