ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز نے حکومتی کریک ڈاؤن کے خلاف لاہور میں ہڑتال شروع کردی
- پیرا فورس، سول ڈیفنس اور مقامی اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے ایل پی جی کی ری فلنگ اور ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں گیس منتقل کرنے کے خلاف جاری کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں، ایسوسی ایشن
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے حکومتی کریک ڈاؤن کے خلاف ہفتے کو لاہور میں ہڑتال شروع کردی۔
ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں مطالبہ کیا کہ پیرا فورس، سول ڈیفنس اور مقامی اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے ایل پی جی کی ری فلنگ اور ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں گیس منتقل کرنے کے خلاف جاری کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔
ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ دکانوں پر چھاپوں کے دوران ان کا قیمتی سامان بھی ضبط کیا جارہا ہے۔ اس نے الزام عائد کیا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 1 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کا سامان تباہ ہوا ہے، جبکہ سرکاری اہلکار رشوت طلب کررہے ہیں۔
ایسوسی ایشن نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز سے اپیل کی کہ وہ اس صورت حال کا نوٹس لیں اور ایل پی جی کی دکانوں کے لیے معیاری عملی طریقہ کار (ایس او پیز) وضع کریں۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز نے خبردار کیا کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔


Comments