انٹرلوپ کا پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے 6.5 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا فیصلہ
- سرمایہ کاری کا مقصد پیداواری صلاحیت میں اضافہ، مینوفیکچرنگ کی گنجائش کو وسعت دینا اور موجودہ پیداواری یونٹس کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، کمپنی
پاکستان کے بڑے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان میں شامل انٹرلوپ لمیٹڈ ملبوسات اور ہوزری کے شعبوں میں پیداواری صلاحیت بڑھانے اور موجودہ پیداواری سہولتوں کو جدید بنانے کے لیے 6.5 ارب روپے (تقریباً 23 ملین ڈالر) کی سرمایہ کاری کرے گی۔ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اضافی سرمایہ جاتی اخراجات اور مشینری و آلات کی جدیدکاری کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔
انٹرلوپ لمیٹڈ نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
کمپنی کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 22 اکتوبر 2026ء کو فیصل آباد میں منعقدہ اجلاس کے دوران ملبوسات اور ہوزری کے شعبوں کے لیے 6.5 ارب روپے کے اضافی سرمایہ جاتی اخراجات (کیپیکس) اور مشینری و آلات میں توازن، جدیدکاری اور تبدیلی (بی ایم آر) کے بجٹ کی منظوری دی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سرمایہ کاری کا مقصد پیداواری صلاحیت میں اضافہ، مینوفیکچرنگ کی گنجائش کو وسعت دینا اور موجودہ پیداواری یونٹس کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
اس اقدام سے آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے، مستقبل میں کاروباری ترقی کو فروغ دینے اور صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت میں اضافے میں مدد ملے گی۔
انٹرلوپ ایک کثیر شعبہ جاتی اور عمودی طور پر مربوط کمپنی ہے جو عالمی برانڈز اور ریٹیلرز کے لیے ہوزری، ڈینم، نِٹڈ ملبوسات اور اسپورٹس ویئر تیار کرتی ہے۔ کمپنی ٹیکسٹائل صنعت کے صارفین کے لیے دھاگا بھی تیار کرتی ہے۔
کمپنی کے صنعتی یونٹس بنیادی طور پر پاکستان میں واقع ہیں اور اس کے تمام پیداواری پلانٹس پنجاب میں قائم ہیں۔ اس کے علاوہ انٹرلوپ کا سری لنکا میں شراکتی پیداواری یونٹ، چین میں سورسنگ آفس اور منسلک پیداواری یونٹ، جبکہ امریکا، یورپ اور جاپان میں مارکیٹنگ دفاتر بھی موجود ہیں۔


Comments