پاکستان اور جرمنی کے درمیان اقتصادی روابط اور تجارتی تعاون بڑھانے پر زور
- دونوں ممالک کے کاروباری ادارے عالمی سطح پر اپنی شراکت داریوں میں تنوع لانے کے خواہاں ہیں، جرمن سفیر
پاکستان میں جرمنی کی سفیر اِنا لیپل نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان اقتصادی روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے تجارت میں تنوع لانے، سرمایہ کاری بڑھانے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے مواقع کو اجاگر کیا ہے۔
پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ٹی ای اے) سے خطاب کرتے ہوئے جرمن سفیر انا لیپل نے کہا کہ دونوں ممالک کے کاروباری ادارے عالمی سطح پر اپنی شراکت داریوں میں تنوع لانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور بعض معاشی اشاریوں میں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ساختی نوعیت کے چیلنجز بدستور تجارت اور سرمایہ کاری کی ترقی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرمن صنعت اپنی سپلائی چینز میں تنوع لانے اور عالمی سطح پر نئی شراکت داریاں قائم کرنے کے لیے سرگرم ہے جس سے پاکستان جیسے ممالک کے لیے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی ڈھانچے اور توانائی کی دستیابی میں پیشرفت حوصلہ افزا ہے، تاہم دیگر شعبوں میں درپیش چیلنجز سرمایہ کاروں کے اعتماد اور برآمدات کے مسابقتی رجحان کو متاثر کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کے تکنیکی معاونت کے پروگرام پاکستان کے مختلف شعبوں میں پائیداری، سرکلر اکانومی اور مزدوروں سے متعلق ضوابط کی پابندی پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جی آئی زیڈ معیشت کے مختلف شعبوں میں پیداواری صلاحیت اور کام کے حالات بہتر بنانے کے ساتھ پاکستان کی قابلِ برآمد اضافی پیداوار کے معیار اور حجم میں اضافے کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جرمن کمپنیوں کو پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور منڈیوں کے مواقع سے منسلک کرنے کے لیے جرمن اماراتی مشترکہ کونسل برائے تجارت و صنعت میں پاکستان کے لیے ایک خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ٹی ای اے) کے چیئرمین ریحان نسیم بھراڑا نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلاٹینم جوبلی اعتماد، باہمی احترام اور دیرپا تعاون پر قائم دوستی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی یورپی یونین میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 4.23 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔ ان کے مطابق یہ اعداد و شمار تجارتی تعلقات کی مضبوطی کو ظاہر کرتے ہیں، تاہم اس شعبے میں وسیع امکانات سے ابھی پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا۔انہوں نے مزید کہا کہ تجارت میں تنوع لانے، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم کرنے سے دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کی کوششوں کو تقویت مل سکتی ہے۔


Comments