پاکستان اور امریکہ کا بیرونی مالی معاونت اور معاشی تعاون پر تبادلہ خیال
- وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی محکمۂ خزانہ میں بین الاقوامی امور کی انڈر سیکریٹری ایرن براؤن کی ملاقات
وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی محکمۂ خزانہ میں بین الاقوامی امور کی انڈر سیکریٹری ایرن براؤن سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے معاشی منظرنامے، اصلاحاتی ایجنڈے اور بیرونی مالی معاونت کی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر وزیرِ خزانہ نے ستمبر میں پاکستان کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کے اجرا کو اجاگر کیا اور سکوک، پانڈا بانڈز اور دیگر مالی ذرائع کے ذریعے مالی معاونت کے حصول کو متنوع بنانے کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پیشرفت، ٹیکس اصلاحات، مسلسل تین سال بنیادی بجٹ سرپلس برقرار رکھنے اور زرمبادلہ ذخائر تقریباً 21.6 ارب ڈالر تک پہنچنے کی تفصیلات بھی بیان کیں۔
ملاقات میں علاقائی تنازع کے توانائی، مہنگائی اور غذائی تحفظ پر اثرات کے علاوہ رسد برقرار رکھنے اور موسمِ سرما میں طلب پوری کرنے کی تیاریوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی، آئی ٹی برآمدات میں اضافے، پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں مسابقت بہتر بنانے اور قرضوں کو پائیدار سطح پر رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ کو بہتر بنا کر بی بی درجے تک پہنچنے کی پیش رفت جاری رکھی جاسکے۔
انہوں نے نجکاری، ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنے، بوئنگ کے ساتھ رابطوں اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (ایگزم بینک) سے ممکنہ مالی معاونت پر بھی گفتگو کی اور امریکا کی مسلسل حمایت پر گہری قدردانی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر ڈوئچے بینک کے وفد سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی معاشی پیش رفت اور مالی معاونت کی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے معاشی استحکام، زرمبادلہ ذخائر، خودمختار کریڈٹ ریٹنگ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کو اجاگر کیا۔
انہوں نے نجی پلیسمنٹ، پانڈا بانڈز اور یورو بانڈز کے ذریعے پاکستان کی عالمی سرمایہ منڈیوں میں واپسی کا جائزہ لیا۔
محمد اورنگزیب نے سکوک، روپے میں مالیت کے حامل ڈالر میں تصفیہ ہونے والے بانڈز اور موجودہ یورو بانڈز کو ٹوکنائز کرنے کے ممکنہ منصوبوں کے ذریعے مالی وسائل کے حصول کے ذرائع متنوع بنانے کی حکمتِ عملی بیان کی۔
وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں ڈوئچے بینک کی طویل عرصے سے موجودگی کو سراہا اور کمپنیوں کے ساتھ روابط بڑھانے اور غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے تعاون کی حوصلہ افزائی کی۔
ملاقات میں قرضوں کے انتظام، کرنسیوں میں تنوع اور یورپ سمیت دیگر عالمی منڈیوں میں سرمایہ کاروں تک رسائی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور بڑے ہوائی اڈوں سمیت نجکاری کے عمل میں اسٹریٹجک مشاورتی معاونت فراہم کرنے میں ڈوئچے بینک کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔


Comments