جولائی تا اگست صنعتی پیداوار میں 1.85 فیصد اضافہ ریکارڈ
- جولائی تا اگست کوانٹم انڈیکس آف مینوفیکچرنگ 116.14 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ عارضی اعدادوشمار کے مطابق بڑے پیمانے کی صنعتی پیداوار (ایل ایس ایم) کے شعبے میں مالی سال 2026-27 کے جولائی تا اگست سالانہ بنیاد پر 1.85 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو جولائی 2026 میں ریکارڈ کیے گئے 3.03 فیصد اضافے سے کم ہے۔
پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا اگست کوانٹم انڈیکس آف مینوفیکچرنگ (کیو آئی ایم) 116.14 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ 114.03 پوائنٹس اور رواں سال جولائی میں 119.13 پوائنٹس رہا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق اگست 2026 میں بڑے پیمانے کی صنعتی پیداوار (ایل ایس ایم) گزشتہ سال اسی ماہ کے مقابلے میں 0.67 فیصد بڑھی، تاہم جولائی 2026 کے مقابلے میں اس میں 4.96 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پی بی ایس کے مطابق بڑے پیمانے کی صنعتی پیداوار میں اضافے کی بنیادی وجہ گاڑیوں، سوتی دھاگے، ملبوسات، سیمنٹ اور پٹرولیم مصنوعات کے شعبوں کی نمایاں کارکردگی رہی۔
گاڑیوں کا شعبہ کوانٹم انڈیکس آف مینوفیکچرنگ (کیو آئی ایم) میں اضافے کا اہم محرک رہا جس میں جولائی تا اگست 32.45 فیصد جبکہ ماہانہ 11.66 فیصد کی نمایاں نمو ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب جولائی تا اگست سوتی کپڑے کی صنعت کی پیداوار میں 0.03 فیصد کمی ہوئی جبکہ کھاد کی صنعت کی نمو 7.55 فیصد اور لوہے و فولاد کی صنعت کی پیداوار میں 11.48 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیاد پر خوراک کے شعبے کی پیداوار میں 1.20 فیصد، مشروبات میں 0.37 فیصد، ٹیکسٹائل میں 0.52 فیصد، کیمیائی مصنوعات میں 0.89 فیصد، ادویہ سازی میں 0.86 فیصد اور لوہے و فولاد کی مصنوعات میں 0.48 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس تمباکو کے شعبے میں 0.37 فیصد، ملبوسات میں 2.85 فیصد، پٹرولیم مصنوعات میں 1.17 فیصد، سیمنٹ میں 0.07 فیصد، برقی آلات میں 0.13 فیصد، گاڑیوں کی صنعت میں 1.20 فیصد، دیگر ٹرانسپورٹ آلات میں 0.27 فیصد اور فرنیچر کی صنعت میں 0.43 فیصد اضافہ ہوا۔ مشینری اور آلات کی صنعت کی پیداوار میں 0.01 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اگست 2026 کے دوران دیگر ٹرانسپورٹ آلات کی صنعت کی پیداوار میں 37.04 فیصد، فرنیچر میں 31.08 فیصد، تمباکو میں 22.35 فیصد، ملبوسات میں 16.69 فیصد، تیار شدہ دھاتی مصنوعات میں 10.31 فیصد، برقی آلات میں 4.99 فیصد، کمپیوٹر، الیکٹرانکس اور آپٹیکل مصنوعات میں 5.15 فیصد، غیر دھاتی معدنی مصنوعات میں 0.20 فیصد، لکڑی کی مصنوعات میں 253.26 فیصد، ربڑ کی مصنوعات میں 2.50 فیصد، کوک اور پٹرولیم مصنوعات میں 15.48 فیصد جبکہ گاڑیوں کی صنعت میں 32.45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔


Comments