صدر مملکت اور وزیراعظم کی سیاسی، سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
- یہ ملاقات وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت میں قائم خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ہوئی ہے، جبکہ اسلام آباد صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ سمیت غیر معمولی آئینی اقدامات پر غور کر رہا ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت میں قائم خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ہوئی ہے، جبکہ اسلام آباد صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ سمیت غیر معمولی آئینی اقدامات پر غور کر رہا ہے۔
وفاقی حکومت نے اس اقدام کو انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں صوبائی انتظامیہ کے مبینہ عدم تعاون سے جوڑا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر اسلام آباد کی جانب مارچ کے بعد سیاسی تعطل مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔
اس مشاورتی عمل سے مرکز کی آئندہ حکمت عملی کا تعین ہوسکتا ہے، کیونکہ سیکیورٹی خدشات اور سیاسی اختلافات میں اضافہ ہورہا ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر سینیٹر احد چیمہ بھی موجود تھے۔
صدر مملکت کی معاونت سینیٹر شیری رحمٰن، سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم نے کی۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے الگ الگ اجلاس منگل، 13 اکتوبر کو طلب کیے جائیں گے۔


Comments