میزان بینک نے گھر ہو تو اپناپروگرام کے تحت 49 ارب روپے کی فنانسنگ منظور کرلی
- 30 ستمبر 2026 تک بینک ایک ہزار خاندانوں کو مجموعی طور پر 7.34 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کرچکا ہے
میزان بینک نے حکومتِ پاکستان کے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام — گھر ہو تو اپنا (جی ایچ ٹی اے) کے تحت 6,880 درخواستوں پر تقریباً 49 ارب روپے کی ہاؤسنگ فنانسنگ منظور کرلی ہے۔
30 ستمبر 2026 تک بینک ایک ہزار خاندانوں کو مجموعی طور پر 7.34 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کرچکا ہے۔ اس پروگرام کے تحت میزان بینک کو اپنے نیٹ ورک اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے) کے پورٹل کے ذریعے 27,800 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 179 ارب روپے ہے۔
موصول ہونے والی درخواستوں میں سے 13,474 میزان بینک کے اپنے نیٹ ورک کے ذریعے موصول ہوئیں جن کا مجموعی حجم 100.7 ارب روپے تھا جبکہ پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی (پی ایچ اے) کے نیٹ ورک کے ذریعے 14,397 درخواستیں موصول ہوئیں جن کی مجموعی مالیت 78.65 ارب روپے تھی۔ درخواستوں کی یہ تعداد سستے گھروں کے حصول کے لیے فنانسنگ میں عوامی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ اسکیم حکومت کے قابلِ استطاعت گھروں کی فراہمی کے منصوبے کے تحت پاکستانی خاندانوں کو شریعت کے مطابق ہاؤسنگ فنانس کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ میزان بینک کی اس پروگرام میں شرکت کا مقصد گھر کی ملکیت کو زیادہ سے زیادہ افراد کے لیے قابلِ رسائی بنانا اور عوام تک اسلامی ہاؤسنگ فنانس کی سہولت پہنچانا ہے۔
میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس احمد علی صدیقی نے کہا کہ اسلامی فنانس معاشرے کے وسیع تر طبقے کے لیے گھر کی ملکیت کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر ہو تو اپنا پروگرام کے ذریعے بینک حکومت کے ساتھ مل کر ہزاروں پاکستانی خاندانوں کے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پُرعزم ہے۔
میزان بینک اپنے وسیع نیٹ ورک، اسلامی فنانس کے تجربے اور ہاؤسنگ فنانس کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قابلِ استطاعت گھروں کی فراہمی کو فروغ دینے اور پاکستان کے ہاؤسنگ سیکٹر کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔


Comments