ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ، ایف بی آر کے 2 اہلکار جاں بحق
- حملہ آور اسکواڈ کے اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی ساتھ لے گئے، ایف بی آر اعلامیہ
ڈیرہ اسماعیل خان کے قریشی موڑ، بائی پاس روڈ پر منگل کے روز نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے 2 انفورسمنٹ اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انفورسمنٹ اسکواڈ کے 3 اہلکار سپاہی اظہاراللہ، آرم گارڈ رحمت اللہ اور سپاہی سلیمان صبح تقریباً ساڑھے 11 بجے مقررہ مقام پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد وہاں پہنچے اور فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں آرم گارڈ رحمت اللہ اور سپاہی سلیمان جاں بحق ہوگئے، جبکہ سپاہی اظہاراللہ محفوظ رہے۔
ایف بی آر نے بتایا کہ اظہاراللہ نے حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگئے۔ حملہ آور اسکواڈ کے اہلکاروں کو جاری کیے گئے سرکاری اسلحے اور گولہ بارود بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
ایف بی آر کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے جاں بحق اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی بہادری اور فرض سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ایف بی آر اہلکاروں کی دی گئی قربانیاں فراموش نہیں کی جائیں گی۔
ایف بی آر نے مزید کہا کہ وہ جاں بحق اہلکاروں کے اہل خانہ اور ملک کی خدمت میں فرائض انجام دینے والے تمام اہلکاروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔


Comments