کیریبین سمندر میں امریکی فوج کا کشتی پر حملہ، 4 افراد ہلاک
- انسانی حقوق کے ماہرین نے اس طرح کے حملوں کو ماورائے عدالت قتل قرار دیا ہے
امریکی فوج نے کہا ہے کہ کیریبین سمندر میں ایک کشتی پر حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے، جو واشنگٹن کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھی۔ انسانی حقوق کے ماہرین نے اس طرح کے حملوں کو ماورائے عدالت قتل قرار دیا ہے۔
امریکی سدرن کمانڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ کیریبین میں منشیات کی اسمگلنگ کے معروف راستوں پر چلنے والی تیز رفتار کشتی کو مہلک حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ کمانڈ کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کو منشیات کے دہشت گرد قرار دیا گیا، تاہم دعوے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ستمبر 2025 سے جن کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا، وہ منشیات لے جا رہی تھیں۔ کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں ایسے امریکی حملوں میں اب تک 220 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے حملوں کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھائے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور اقوام متحدہ کے آزاد ماہرین نے انہیں غیر قانونی ماورائے عدالت قتل قرار دیا ہے۔


Comments