اسٹیٹ بینک کا ریگولیٹری سینڈ باکس کے دوسرے مرحلے کا آغاز
- اقدام کا مقصد ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے شعبے میں ذمہ دارانہ جدت کے ساتھ صارفین کا تحفظ اور مالیاتی استحکام یقینی بنانا ہے، اسٹیٹ بینک
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے جمعہ کو ریگولیٹری سینڈ باکس کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ریگولیٹری سینڈ باکس کے ذریعے جدید مالیاتی حل پیش کرنے والے افراد اور اداروں کو اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کو محدود دائرہ کار میں آزمانے کا موقع فراہم کیا جائے گا جبکہ اس تجربے کی بنیاد پر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے مطابق ریگولیٹری نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اسٹیٹ بینک نے ایس بی پی وژن 2028 کے تحت اگست 2025 میں ریگولیٹری سینڈ باکس کا آغاز کیا تھا اور اس کا پہلا مرحلہ جون 2026 میں کامیابی سے مکمل ہوا۔
دوسرے مرحلے میں مالیاتی خدمات میں مصنوعی ذہانت، ادائیگیوں کے نظام میں جدت، ٹیکنالوجی کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر اور مستقبل کی جدید مالیاتی خدمات سے متعلق دیگر تجاویز شامل ہوں گی۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اقدام کا مقصد ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے شعبے میں ذمہ دارانہ جدت کے ساتھ صارفین کا تحفظ اور مالیاتی استحکام یقینی بنانا ہے۔
دوسرے مرحلے میں شرکت کے خواہشمند افراد اور ادارے 30 نومبر 2026 تک اپنی درخواستیں ای میل کے ذریعے جمع کراسکتے ہیں، جبکہ درخواست فارم اور طریقہ کار اسٹیٹ بینک کی ریگولیٹری سینڈ باکس گائیڈ لائنز میں دستیاب ہے۔


Comments