ایشین گیمز ہاکی سیمی فائنل : بھارت نے پاکستان کو 4-3 سے شکست دے دی
- ابتدائی گولز کے بعد پاکستان کو چار پنالٹی کارنرز ملے مگر گرین شرٹس کسی بھی موقع کو گول میں تبدیل نہ کرسکے
ایشین گیمز 2026 کے سنسنی خیز مینز ہاکی سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 4-3 سے شکست دے دی، ابھشیک نے آخری منٹ میں فیصلہ کن گول کرکے بھارت کو فائنل میں پہنچا دیا۔
کاواساکی جوکو اسٹیڈیم میں بھارت نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے کوارٹر میں ہرمن پریت سنگھ کے دو گولز کی بدولت 2-0 کی برتری حاصل کی۔
ابتدائی گولز کے بعد پاکستان کو چار پنالٹی کارنرز ملے، جن میں سے تین پہلے کوارٹر اور ایک دوسرے کوارٹر کے ابتدائی پانچ منٹ میں ملا، تاہم گرین شرٹس کسی بھی موقع کو گول میں تبدیل نہ کرسکے۔
بھارت نے 23ویں منٹ میں سکھجیت سنگھ کے فیلڈ گول کی بدولت برتری 3-0 کردی۔
پاکستان نے دوسرے کوارٹر کے آخری منٹ میں اکاؤنٹ کھولا۔ ابو بکر محمود نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے خسارہ 3-1 کردیا۔
گرین شرٹس نے تیسرے کوارٹر میں بھی شاندار کم بیک جاری رکھا اور 45 ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کو حریف کے ایک گول کے فاصلے پر پہنچا دیا۔
پاکستان نے آخری کوارٹر کے آغاز میں ہی واپسی مکمل کرلی، جب رانا وحید اشرف نے 49 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔
میچ بظاہر پنالٹی شوٹ آؤٹ کی جانب بڑھ رہا تھا لیکن آخری منٹ میں ابھشیک نے گول کرکے بھارت کو 4-3 سے فتح دلادی اور فائنل میں جگہ پکی کرلی۔
پاکستان اب کانسی کے تمغے کے میچ میں ملائیشیا یا جنوبی کوریا کا سامنا کرے گا۔


Comments