آسان ٹیکس اسکیم : ایک ماہ میں تقریباً 10 ہزار دکاندار ٹیکس نیٹ میں شامل
- ان میں سے 1,929 دکاندار پہلی بار ٹیکس دہندگان بن گئے
حکومت نے بتایا ہے کہ آسان ٹیکس اسکیم کے اجرا کے ایک ماہ کے اندر تقریباً 10 ہزار دکاندار ٹیکس نیٹ میں شامل ہوگئے ہیں۔
وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے اسکیم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں حکام نے عملدرآمد پر بریفنگ دی جبکہ تاجر نمائندوں نے طریقہ کار سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت 9 ہزار 806 دکاندار رجسٹرڈ ہوچکے ہیں اور ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کے مختلف مراحل میں ہیں۔ ان میں سے 1,929 پہلی بار ٹیکس نظام میں شامل ہوئے ہیں جبکہ 428 اپنے ریٹرنز جمع کراچکے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ریٹرنز جمع کرانے والوں میں چھوٹے اور بڑے دونوں شہروں کے دکاندار شامل ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو اسکیم پر عملدرآمد سے متعلق دکانداروں اور ٹیکس وکلا کے تکنیکی اعتراضات فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ریٹرنز جمع کرانے والے دکانداروں کو جلد از جلد ایف بی آر پلیٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آسان ٹیکس اسکیم خصوصی طور پر دکانداروں کے لیے تیار کی گئی منفرد سہولت ہے جو کسی دوسرے کاروباری شعبے کو دستیاب نہیں۔
انہوں نے مزید دکانداروں پر زور دیا کہ وہ اسکیم میں شامل ہوں اور کہا کہ اسکیم کے اجرا کے بعد ان کے نان فائلر رہنے کی کوئی وجہ نہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکیم پر عملدرآمد میں سہولت اور ٹیکس بارز و وکلا کے ساتھ رابطے مزید مضبوط بنانے کے لیے تاجروں اور ایف بی آر حکام کے درمیان روزانہ رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
حکام نے اجلاس کو بتایا کہ آسان ٹیکس اسکیم، ریٹرن جمع کرانے کے سابقہ طریقہ کار اور مقررہ مدت کے بعد عائد ہونے والے جرمانوں سے متعلق آگاہی کے لیے اردو زبان میں معلوماتی کتابچہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
اسکیم کے تحت مقررہ مدت کے بعد ٹیکس ادا نہ کرنے والوں پر جرمانہ عائد ہوگا۔ ڈیڈ لائن گزرنے کے پہلے ماہ 10 ہزار روپے، دوسرے ماہ 25 ہزار روپے اور تیسرے ماہ 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
تاجر نمائندوں نے اجلاس کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اسکیم کو مثبت اقدام قرار دیا، تاہم کہا کہ دکانداروں میں اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں وقت لگے گا۔
ٹیکس کمشنرز نے بھی اپنے متعلقہ علاقوں میں ٹیکس بارز کے ساتھ رابطوں کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں تاجر رہنماؤں اجمل بلوچ اور کاشف چوہدری، ممبر اسٹریٹجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق، ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال اور ایف بی آر کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ ملک بھر سے چیف کمشنرز اور کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔


Comments