پٹرول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کے میسج مفت کردیے گئے
- سہولت کے تحت درخواست گزار 9771 پر مفت ایس ایم ایس بھیج کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کم اور متوسط آمدن والے گھرانوں کی سہولت کے لیے پٹرول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کے میسج کو بالکل مفت کردیا گیا ہے.
اس اسکیم کے تحت ملک بھر میں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک انجن کی حامل گاڑیوں کے مالکان کو ایندھن پر سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔
سہولت کے تحت درخواست گزار 9771 پر مفت ایس ایم ایس بھیج کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ ایس ایم ایس میں REG لکھنے کے بعد اسپیس، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، اس صوبے کا پہلا حرف جہاں گاڑی رجسٹرڈ ہے اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔
وزیراعظم آفس نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم کی ہدایت پر اہل درخواست گزاروں کے لیے رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
یہ پیشرفت وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے حکومت کو پٹرول پمپس پر سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے تاکہ اہل شہریوں کو ایندھن سبسڈی کے لیے رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول میں مدد فراہم کی جا سکے۔
وزیراعظم نے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ سہولت ڈیسک پر انتظامیہ کے افسران، رضاکار اور پٹرول پمپ کا عملہ تعینات کیا جائے۔
یہ عملہ اہل شہریوں کو رجسٹریشن کے طریقہ کار اور دیگر ضروری تقاضوں سے آگاہ کرے گا۔


Comments