کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کیلئے فنانسنگ بڑھائی جائے، وزیراعظم کی بینکوں کو ہدایت
- یہ پیش رفت وزیراعظم کی زیرصدارت ایکسیس تو فنانس پلان 2026-28 کے جائزہ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو بینکوں اور مالیاتی اداروں کو کسانوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) اور ہاؤسنگ سیکٹر کے لیے قرضوں میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معیشت کے اہم شعبوں تک فنانسنگ کی رسائی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ پیش رفت وزیراعظم کی زیرصدارت ایکسیس تو فنانس پلان 2026-28 کے جائزہ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔ یہ حکومتی اقدام مختلف ترجیحی شعبوں کے لیے فنانسنگ تک رسائی بڑھانے کے ذریعے معاشی ترقی، برآمدات اور روزگار کو فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام—گھر ہو تو اپنا، زراعت اور ایس ایم ایز سیکٹر کے لیے فنانسنگ سے متعلق جاری اقدامات اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کو کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان بینکوں کی حوصلہ افزائی کرے گی جو قرضوں کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی ترقی کے لیے کام کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو کسانوں کے لیے مالی وسائل تک بلا رکاوٹ اور آسان رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ کم آمدنی اور متوسط طبقے کے افراد کو سستی رہائش فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ صوبائی چیف سیکریٹریز کو ایسی جائیدادوں کا جامع سروے کرنے کی ہدایت کی گئی جن کے عوض اپنا گھر پروگرام کے تحت گھر بنانے کے خواہش مند افراد کو بینک قرضے فراہم کرسکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک اسکیم کے تحت 147,504 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 53,127 درخواستیں منظور کی جاچکی ہیں۔ وزیراعظم کے اپنا گھر پروگرام کے تحت منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313.42 ارب روپے ہے، جبکہ 8,739 درخواست گزاروں کو 45.43 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ملک بھر میں ایسے پلاٹس کی نشاندہی کے لیے ایک نظام تیار کیا جارہا ہے جو مارگیج کی شرائط پر پورا اترتے ہوں، جبکہ اس نظام کا پائلٹ منصوبہ اسلام آباد سے شروع کیا جائے گا۔ پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے معروف ہاؤسنگ ڈویلپرز کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کا طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔
دریں اثنا، اگست 2026 میں زرعی شعبے کے لیے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضوں کا حجم 1.268 ٹریلین روپے رہا، جبکہ ایکسیس تو فنانس پلان 2026-2028 کے تحت جون 2028 تک زرعی قرضوں کا ہدف 2 ٹریلین روپے مقرر کیا گیا ہے۔
زرخیز-ایپ کے ذریعے آسان قرضوں کے لیے 35,838 درخواستیں موصول ہوئیں، جن کے لیے 7.35 ارب روپے منظور کیے گئے، جبکہ 1.96 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
اگست 2026 تک ایس ایم ای سیکٹر کو فراہم کردہ قرضوں کا حجم 1.067 ٹریلین روپے رہا، جبکہ ایکسیس تو فنانس پلان 2026-2028 کے تحت جون 2028 تک اس شعبے کے قرضوں کا ہدف بھی 2 ٹریلین روپے مقرر کیا گیا ہے۔

Comments