پاکستان میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے جاپان 1.64 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا
- منصوبے کے تحت لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا
جاپان نے سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کو 1.64 کروڑ ڈالر کی گرانٹ فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ منصوبے کے تحت لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا۔
یہ پیشرفت پیر کو حکومتِ پاکستان اور حکومتِ جاپان کے درمیان منعقدہ ایک تقریب کے دوران سامنے آئی جہاں دونوں ممالک نے دریائے سندھ پر سیلاب سے بچاؤ اور بند کی بہتری کے منصوبے کیلئے ایکسچینج آف نوٹس، ریکارڈ آف ڈسکشن اور گرانٹ معاہدے پر دستخط کیے۔ منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور سیلاب کے خطرے سے دوچار آبادیوں کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانا ہے۔
ایک بیان کے مطابق معاہدوں پر وزارتِ اقتصادی امور کے سیکریٹری ہمایوں کریم کڈوائی اور جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے اپنی اپنی حکومتوں کی جانب سے دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
معاہدے کے تحت حکومتِ جاپان منصوبے پر عملدرآمد کے لیے 2.58 ارب جاپانی ین، تقریباً 1.64 کروڑ ڈالر کی گرانٹ فراہم کرے گی۔ منصوبے کے تحت دریائے سندھ کے دائیں کنارے لاڑکانہ میں واقع اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا۔
وزارتِ اقتصادی امور کے سیکریٹری نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مسلسل دوستی، فراخدلانہ ترقیاتی معاونت اور ثابت قدم عزم پر جاپان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ایک قابلِ قدر ترقیاتی شراکت دار کی حیثیت سے حکومتِ جاپان کے دیرینہ کردار کو بھی سراہا اور مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون پر جائیکا کی تکنیکی مہارت اور علم و تجربے کی بھی تعریف کی۔
سفیر اکاماتسو شوئیچی نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومتِ پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔


Comments