آئل بوائے کا 1 ارب کے رائٹس ایشو کے ذریعے 70 ای وی چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنیکا منصوبہ
- کمپنی 10 روپے فی حصص کے حساب سے 10 کروڑ عام حصص جاری کرے گی
توانائی شعبے سے وابستہ کمپنی آئل بوائے انرجی لمیٹڈ (او بوائے) نے الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے لیے ملک بھر میں 70 فاسٹ چارجنگ اسٹیشنز پر مشتمل نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے رائٹس ایشو کے ذریعے ایک ارب روپے اکٹھے کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو فراہم کی گئی دستاویزات کے مطابق کمپنی 10 روپے فی حصص کے حساب سے 10 کروڑ عام حصص جاری کرے گی۔
آئل بوائے انرجی لمیٹڈ نے اپنی دستاویزات میں کہا کہ یہ منصوبہ کمپنی کے توانائی کے کاروبار میں تنوع لانے کی کوشش ہے جس کے تحت کوئلہ، ایل پی جی، پیٹروکیمیکلز اور متعلقہ ایندھن کی مصنوعات کی تجارت سے آگے بڑھتے ہوئے ٹرانسپورٹ ایندھن کے طور پر بجلی کی ریٹیل فراہمی کے شعبے میں قدم رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستانی روپے میں مستقل اور زیادہ منافع بخش آمدنی کا ذریعہ قائم کرنا، کموڈیٹی ٹریڈنگ کے منافع پر انحصار کم کرنا اور پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی متوقع بڑھتی ہوئی تعداد سے قبل کمپنی کو بڑے پیمانے پر چارجنگ اسٹیشنز چلانے والے ابتدائی اداروں میں شامل کرنا ہے۔
حاصل ہونے والی رقم میں سے تقریباً ایک ارب روپے چارجنگ نیٹ ورک کے قیام اور اسے فعال کرنے پر خرچ کیے جائیں گے جبکہ کمپنی اپنے اندرونی نقد بہاؤ سے مزید 2 کروڑ 54 لاکھ 20 ہزار روپے فراہم کرے گی۔
ہر چارجنگ اسٹیشن پر تقریباً 1 کروڑ 46 لاکھ 50 ہزار روپے لاگت آئے گی جہاں 120 کلوواٹ سے 240 کلوواٹ کا ڈوئل نوزل ڈی سی فاسٹ چارجر نصب ہوگا۔ یہ چارجر بیک وقت دو گاڑیوں کو چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا اور عام طور پر 40 کلوواٹ آور بیٹری کو 15 سے 20 منٹ میں چارج کیا جا سکے گا۔
کمپنی نے کہا کہ اس منصوبے کے 2027 کی پہلی سہ ماہی تک فعال ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے لیے چارجنگ انفرااسٹرکچر کی ترقی کے حوالے سے گزشتہ کئی برسوں کے دوران کوششوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم اس شعبے کو مختلف چیلنجز کا بھی سامنا رہا ہے۔
قبل ازیں مارچ میں سندھ حکومت نے صوبے بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ نیٹ ورک قائم کرنے کی خاطر چین کے اے ڈی ایم گروپ اور ملک گروپ آف کمپنیز کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے کی منظوری دی تھی۔
آئل بوائے نے اپنی دستاویزات میں کہا کہ یہ منصوبہ کمپنی کے لیے کاروبار کی بالکل نئی لائن ہے، کیونکہ کمپنی کو الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ انفرااسٹرکچر کی ملکیت یا آپریشن کا اس سے قبل کوئی عملی تجربہ نہیں ہے۔
لہٰذا یہ منصوبہ کسی موجودہ کاروبار کو وسعت دینے کے بجائے ایک نئے کاروبار کے طور پر شروع کیا جارہا ہے۔
کمپنی نے کہا کہ اس منصوبے کے لیے مختلف شہروں اور بین الاضلاعی راہداریوں میں 70 مقامات کے بیک وقت حصول، اجازت ناموں، بجلی کی فراہمی اور انہیں فعال کرنے کی ضرورت ہوگی۔ ہر مقام کی تکمیل زمین کی دستیابی، ڈسٹری بیوشن کمپنی کی جانب سے لوڈ کی منظوری، ٹرانسفارمر اور پینل کی تنصیب، سول ورکس اور آلات کی درآمد سمیت مختلف عوامل پر منحصر ہوگی۔
آئل بوائے انرجی لمیٹڈ کو پاکستان میں 28 جون 1993 کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹر کیا گیا تھا جس کے بعد 29 جون 1994 کو اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کر دیا گیا۔


Comments